چارمینار کے گرد و نواح کی ہیرٹیج بحالی کے اقدامات

   


حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : محکمہ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار نے کل تھنک سٹی ( شہروں کو شہریوں کے لیے زیادہ بہتر بنانے والے ملیشیا کے ایک ادارہ ) اور آغا خان ٹرسٹ فار کلچر کے نمائندوں سے ملاقات کر کے چارمینار کے گرد و نواح کے ہیرٹیج بحالی کے لیے تبادلہ خیال کیا ۔ اروند کمار نے کہا کہ ’ ہم کلچرل اور ہیرٹیج بحالی کے علاوہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو پھر سے شروع کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے ( تھنک سٹی ) نے پینانگ ، ملیشیا میں اس طرح کے ایک کامیاب پراجکٹ کو انجام دیا ہے ‘ ۔ ستمبر میں ریاستی حکومت نے 24 سالہ پیدل راہرو پراجکٹ کو بار بار اس کی آخری تاریخ کو پورا کرنے میں اس کی ناکامی کے بعد برخاست کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اس کے بجائے حکومت نے چارمینار کے تاریخی گرد و نواح کو از سر نو بہتر بنانے کا پلان بنایا ۔ قلی قطب شاہ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اربن مینجمنٹ (NIUM) اس پراجکٹ کو انجام دیں گے ۔ عہدیدار اس کے لیے شراکت داروں کی نشاندہی کررہے ہیں اور 16 ویں صدی کی اس یادگار عمارت اور اس کے اطراف میں بہتری کے لیے تبدیلی لانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کررہے ہیں ۔ عہدیداروں نے کہا کہ یہ پراجکٹ اب ایک جامع ماسٹر پلان ہوگا ۔۔