باپ کی جانب سے بیرون ملک سے لایا ہوا چاکلیٹ بیٹے کی موت کا سبب
حیدرآباد ۔ 27 نومبر (سیاست نیوز) اولاد کی خوشی کی خاطر والدین اپنا سب کچھ نثار کردیتے ہیں۔ بچوں کے چہرہ پر مسکراہٹ دیکھنے اور خوشی و مسرت سے انہیں گھر کے آنگن میں ہنستا کھیلتا دیکھنے کی خاطر اپنے چین و سکون کی پرواہ نہیں کرتے۔ بازار سے گھر لوٹتے وقت بچوں کی من پسند اشیاء کو ساتھ لانے کو اولین اہمیت دیتے ہیں اور بچے اپنے والد کے گھر لوٹنے کا بے صبری سے انتظارکرتے ہیں جیسے ہی والد گھر پہنچتا ہے بچے والد کے چہرے سے زیادہ ہاتھ میں تھمی ہوئی اشیاء کو بڑی آس سے تکتے ہیں تاکہ انہیں ان کی من پسند چیز مل جائے جب یہ آس اور امید اس وقت ناقابل بیان ہو جاتی ہے جب والد کسی بیرون ملک سے اپنے وطن اپنے مکان بیوی بچوں کے پاس پہنچتا ہے لیکن ایک والد کو اپنے بچوں کے لئے چاکلیٹ خریدنا اس کی زندگی بھر کے غم کا سبب بن گیا۔ والد کی جانب سے بچوں کی خوشی کے لئے لائے گئے چاکلیٹ بچے کی موت کا سبب بن گیا جہاں چاکلیٹ بچے کے گلے میں پھنسنے سے کمسن بچہ فوت ہوگیا۔ ضلع ورنگل میں یہ انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ اس واقعہ میں ایک 8 سالہ بچہ سندیپ حلق میں چاکلیٹ پھنسنے سے سانس رکنے سے فوت ہوگیا۔ سندیپ ورنگل کے ساکن کنگہن سنگھ کا بیٹا تھا کنگہن سنگھ راجستھان کا متوطن بتایا گیا ہے جو 20 سال قبل کاروبار کے سلسلہ میں ورنگل منتقل ہوا تھا۔ جو جے پی این روڈ ورنگل میں الیکٹریکل کا کاروبار کرتا ہے۔ اپنی بیوی تین لڑکے اور لڑکی کے ساتھ پنجاب نیشنل بینک کی لائن میں واقع مکان میں زندگی بسر کررہا ہے۔ تجارتی سلسلہ میں ان دنوں کنگہن سنگھ آسٹریلیا گیا تھا، واپسی کے دوران اس نے بچوں کے لئے چاکلیٹ لے آیا اس کا 8 سالہ لڑکا سندیپ ورنگل کے اسکول میں زیر تعلیم ہے۔ سندیپ اپنے بھائی بہن کے ساتھ اسکول گیا والد نے اسے اسکول چھوڑا جو والدہ کی جانب سے دیئے گئے چاکلیٹ کو کھارہا تھا۔ چاکلیٹ کو استعمال کرتے ہوئے عمارت کی پہلی منزل پر واقع کلاس میں سندیپ پہنچا جو تھوڑی ہی دیر بعد بے حوش ہوکر نیچے گر پڑا۔ سندیپ کے حلق میں چاکلیٹ پھنس گیا تھا جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ فوت ہوگیا۔ ع