چبھتے سوالات پر ٹرمپ نے صحافی کے فون لیکر جہاز سے اتاردیا

   

واشنگٹن : امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی رپورٹر کے سوالات سے تنگ آکر ان کے موبائل فون چھین لیے اور انہیں نجی جہاز سے نیچے اتار دیا ۔یہ واقعہ ٹرمپ کی مارچ میںمنعقدہ انتخابی مہم کی ریلی کے بعد پیش آیا جس دوران ٹرمپ این بی سی رپورٹر کے پے درپے سوالات سے جھنجھلا کر ان پر برس پڑے تھے۔ٹرمپ اور صحافی کے دوران واکو سٹی ائیرپورٹ پر اس گفتگو کی ریکارڈنگ وینیٹی فیئر اور واشنگٹن پوسٹ نے حاصل کرلی ہے۔وینیٹی فیئر کے مطابق امریکی صحافی وان ہلیارڈنے سابق امریکی صدر کو دی گئی تجویز میں کہا تھا کہ آپ مین ہٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون بریگ کی تحقیقات سے ’مایوس ‘ لگ رہے ہیں۔ جس پر پہلے تو ٹرمپ نے رپورٹر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھ سے مزید سوالات نہ پوچھیں‘، تاہم وان ہلیارڈ کی جانب سے تحقیقات سے متعلق مزید سوالات پوچھنے پر ٹرمپ نے صحافی کوڈانٹ کر کہا کہ ’میں آپ سے بات نہیں کرنا چاہتا‘ ساتھ ہی ٹرمپ نے ہلیارڈ کو واضح کیا کہ میری بات سن رہے ہو؟۔وینیٹی فیئر کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے صحافی کو کہا کہ آپ اچھے آدمی نہیں ہیں جس کے بعد رپورٹر نے ایک اور سوال کرنے کی کوشش کی توسابق امریکی صدرنے عملے سے رپورٹر کو باہر نکالنے کا کہہ دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اس گفتگو کے دوران ٹرمپ نے ہلیارڈ کے 2 فون بھی چھین کر ایک طرف پھینک دیئے۔