نئی دہلی ۔ 26 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر اور سابق وزیر فینانس پی چدمبرم کو بڑے جھٹکہ والی تبدیلی میں سپریم کورٹ نے پیر کو اُن کی عرضی مسترد کردی جو دہلی ہائیکورٹ کے اُس فیصلے کے خلاف داخل کی گئی تھی جس نے آئی این ایکس میڈیا اسکام میں سی بی آئی کے درج کرپشن کیس میں اُن کی پیشگی ضمانت کی عرضی خارج کردی تھی۔ فاضل عدالت نے کہاکہ سی بی آئی کیس میں چدمبرم کی عرضی ’بے ثمر‘ بن چکی ہے کیونکہ وہ پہلے ہی اس ایجنسی کی جانب سے گرفتار ہیں۔ اعلیٰ عدالت نے کہاکہ وہ کرپشن کیس میں قانون کی مطابقت میں راحت حاصل کرنے کیلئے آزاد ہیں۔ تاہم جسٹس آر بھانومتی اور جسٹس اے ایس بھوپنا نے 73 سالہ چدمبرم کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی ) کے درج کردہ آئی این ایکس میڈیا منی لانڈرنگ کیس میں گرفتاری سے عبوری راحت کو منگل تک توسیع دیدی ۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ذیلی عدالت عرضی گزار کی باضابطہ عرضی کی سماعت کرتے وقت دہلی ہائی کورٹ کے تبصرے سے متاثر نہیں ہوگی۔انفورمنٹ ڈائریکٹوریٹ سے متعلقہ معاملے میں سماعت جاری ہے ۔جبکہ سی بی آئی ریمانڈ کے خلاف مسٹر چدمبرم کی عرضی لسٹنگ کے پیچ میں پھنس گئی ہے ،کیونکہ چیف جسٹس رنجن گوگوئی سے فی الحال اس کی منظوری نہیں ملی ہے ۔مسٹر چدمبرم کا سی بی آئی ریمانڈ آج ختم ہورہا ہے اورانہوں نے ریمانڈ کے خلاف نئی عرضی بھی دائر کی ہے ،لیکن ابھی تک یہ سماعت کے لئے فہرست میں شامل نہیں ہوسکی ہے ۔اس سے پہلے ،چدمبرم کی جانب سے سینئر وکیل کپِل سبل نے بینچ کے سامنے معاملے کا خصوصی ذکر کیا،لیکن بینچ نے کہا کہ چیف جسٹس نے ابھی تک متعلقہ عرضی کو فہرست میں شامل کرنے کے لئے حکم نہیں دیا ہے ۔رجسٹری اس کا انتظار کررہی ہے ۔اس لئے معاملے کی سماعت تبھی ہوپائے گی،جب چیف جسٹس کا حکم آئے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ سماعت کو مسٹر چدمبرم کی دو عرضیاں آج تک کے لئے ملتوی کردی گئی تھی۔