چندرا بابو نائیڈو کو الیکشن کمیشن کی نوٹس

   

حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پارٹی کے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے خلاف اہانت آمیز پوسٹ کو اندرون 24 گھنٹے حذف کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر آندھرا پردیش نے صدر تلگودیشم کو وائی ایس آر کانگریس کے جنرل سکریٹری ایل اپی ریڈی کی شکایت پر نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تلگودیشم کے سوشیل میڈیا اکاؤنٹ سے وائی ایس جگن موہن ریڈی کی تصویر کو اہانت آمیز انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سوشیل میڈیا پوسٹ کا جائزہ لینے کے بعد کمیشن اس نتیجہ پر پہنچا کہ یہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران قائدین اور خاص طور پر اسٹار کمپینرس کو مخالف قائدین کے وقار کو ملحوظ رکھنا چاہیئے۔ الیکشن کمیشن نے اہانت آمیز پوسٹ اندرون 24 گھنٹے حذف کرتے ہوئے کمیشن کو رپورٹ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اسی دوران اتوار کو چلکالوری پیٹ میں تلگودیشم، بی جے پی اور جنا سینا اتحاد کے جلسہ عام میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی ہے۔ ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ انتخابی ریالی میں حصہ لینے کیلئے وزیر اعظم نے ہندوستانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا ہے۔1