اندرون سو یوم وائی ایس آر کانگریس حکومت کے بے مثال اقدامات : جگن موہن ریڈی
حیدرآباد 8 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے سابق چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہاکہ بحیثیت چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے سریکاکلم کا 25 مرتبہ دورہ کیا اور اس سے قبل انتخابی دورے بھی کئے اور کئی ایک وعدے کئے لیکن پانچ سالہ دور اقتدار میں کسی ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا۔ اُنھوں نے اقتدار سنبھالتے ہوئے 100 یوم میں متعدد وعدے اور دیئے گئے تیقنات کو پورا کئے اور اس طرح مختصر مدت میں وعدوں کو پورا کرنے والے چیف منسٹر ثابت ہوئے۔ ضلع کے عوام بھی اس پر فخر و مسرت محسوس کررہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ محض گمنامی کے خوف سے پانچ سال وزارتی عہدے پر فائز رہتے ہوئے اپنے ضلع کے لئے ہی کوئی اقدامات کے اچن نائیڈو نہیں کرسکے لیکن وائی ایس آر کانگریس حکومت پر تنقید کرنے کو روز مرہ کا معمول بنا رکھا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ جگن موہن ریڈی نے واضح طور پر کہاکہ یہ تمام عوامی آشیرواد کے ذریعہ ہی ممکن ہورہا ہے۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر وائی ایس آر کانگریس کو 151 نشستوں پر کامیابی دلانے پر اظہار تشکر کیا اور کہاکہ بحیثیت چیف منسٹر 100 دن مکمل کرکے انتخابی منشور میں دیئے گئے تیقنات کو پورا کرنے پر مسرت ہورہی ہے۔ جگن موہن ریڈی نے اودانم گردوں کے امراض سے متاثرین کو بڑی حد تک راحت پہنچانے کے لئے پلاسہ میں تعمیر کئے جانے والے 200 بستروں والے ’’کڈنی سوپر اسپیشالیٹی ریسرچ ہاسپٹل‘‘ کا سنگ بنیاد رکھا۔
