چندرابابو نائیڈو کی خوشامد بی آر ایس اور بی جے پی کے خفیہ معاہدے کا ثبوت: مہیش کمار گوڑ

   

بی آر ایس قیادت بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیلئے بے چین، ایم ایل سی نشستوں پر خفیہ مفاہمت کا پردہ فاش کرنے کا انتباہ
حیدرآباد، 30 اکٹوبر ]سیاست نیوز[تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ نے بی آر ایس قیادت پر سخت الفاظ میں حملہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان اندرونی خفیہ معاہدہ اب مکمل طور پر منظر عام پر آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بی آر ایس قائدین ماضی میں آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو کے خلاف انتہائی ناگفتہ بہ اور سخت الفاظ استعمال کرتے تھے ، وہی آج اپنے سیاسی مفادات اور بی جے پی کے ساتھ اتحاد کی راہ ہموار کرنے کے لیے چندرابابو نائیڈو کی خوشامدی اور تعریفوں میں زمین آسمان ایک کر رہے ہیں۔آج یہاں جاری کردہ ایک اہم بیان میں پی سی سی صدر نے بی آر ایس قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کا سوشل میڈیا جو مسلسل جھوٹ اور من گھڑت پروپگنڈہ کے ذریعے کانگریس کا مذاق اڑانے کی ناکام کوششیں کرتا رہا ہے ، آج خود اپنے قائدین کے اس دوہرے معیار اور خفیہ معاہدے پر خاموش ہے۔مہیش کمار گوڑ نے بی آر ایس کو کھلا چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر بی آر ایس قیادت میں ذرا سی بھی سیاسی ہمت اور اخلاقی جرات ہے تو وہ فوری طور پر اپنے ایم ایل سی امیدواروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان کرے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس نے بی جے پی کو سیاسی فائدہ پہنچانے کی خاطر محبوب نگر ایم ایل سی نشست پر مقابلہ کرنے کے معاملے میں ٹال مٹول پالیسی اپنائی ہے ، جبکہ نلگنڈہ ایم ایل سی انتخابات میں بی جے پی کی مدد سے اپنا سیاسی خاکہ تیار کرنے کی سازش رچ رہی ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نے عزم کا اظہار کیا کہ کانگریس پارٹی بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان قائم اس خفیہ اور ناپاک تعلقات کو تمام تر ثبوتوں اور شواہد کے ساتھ تلنگانہ کے عوام کے سامنے بے نقاب کرے گی تاکہ عوام ان کی موقع پرستی کا سچ جان سکیں۔—2/m/b