نئی دہلی22جولائی (سیاست ڈاٹ کام )راجیہ سبھا نے چندریان۔2 کے کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجنے پر ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو)اور اس کے سائنسدانوں کو مبارک باد دی ہے ۔راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے تحفظ انسانی حقوق (ترمیمی) بل 2019 پر ہنگامہ کے درمیان چل رہی بحث کے دوران چندریان۔2 کے کامیابی کے ساتھ خلا پر بھیجنے کی اطلاع اراکین پارلیمان کو دی۔ انہوںنے ایوان کی جانب سے اسرو اور اس کے سائنسدانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لئے خوشی کے لمحات ہیں۔ جی آرایس ایل وی ایم کے ۔3 راکٹ کے ذریعہ اسے خلا میں بھیجا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں تیار کردہ چندریان۔2 کچھ ہفتہ میں چاند پر اترے گا اور چاند کی سطح کی اطلاع دے گا۔چند سال پہلے چندریان۔1 کو بھیجا گیا تھا۔ اراکین پارلیمان نے میزیں تھپتھپا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔