تصادم میں 3 جوان بھی شہید، بھاری مقدار میں گولہ بارود وہتھیار برآمد
بیجاپور۔4؍ڈسمبر ( ایجنسیز ) دنتے واڑہ اور بیجاپور کے سرحدی علاقے میں ایک خونریز تصادم میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے 18 ماؤنوازوں کو ہلاک کر دیا۔ اس دوران نکسلیوں کا مقابلہ کرتے ہوئے تین ڈی آر جی جوان بھی شہید ہو گئے۔بیجاپور کے ایس پی جتیندر یادو نے کہا کہ انکاؤنٹر میں ہمارے تین جوانوں نے بھی اپنی جان کی قربانی دی ہے۔ ان کے علاوہ تین جوان زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انکاؤنٹر میں مارے گئے ماؤنوازوں کی نعشوںکی شناخت ہونا باقی ہے۔ انکاؤنٹر میں شہید جوانوں کی شناخت موہن مدیڑ تھانہ حلقے کے رہنے والے مونو عرف موہن وڈاڑی، ہیڈ کانسٹیبل، ڈی آر جی بیجاپور، نیلسنار تھانہ حلقہ کے دکارو گونڈے، کانسٹیبل، ڈی آر جی بیجاپور اور نیلسنار تھانہ کے رمیش سوڑی، کانسٹیبل، ڈی آر جی بیجاپور کے طور پر کی گئی ہے۔اس انکاؤنٹر میں تین جوان زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی شناخت اے ایس آئی جناردن کورام اور کانسٹیبل سوم دیو یادو کے طور پر کی گئی ہے۔ آپریشن میں کمانڈر ڈی وی سی ایم مودیامی ویلا اور ایک بدنام زمانہ سرکردہ ماؤنواز لیڈر بھی مارا گیا۔ چھتیس گڑھ حکومت نے ویلا پر آٹھ لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ انکاؤنٹر میں ویلا سمیت کل 18 ماؤنواز کیڈروں کی نعشیں برآمد کی گئیں۔تصادم کے مقام سے برآمد ہونے والے ہتھیاروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماؤنواز علاقے میں ایک بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ برآمد اسلحے میں ایل ایم جی مشین گن، اے کے 47 رائفلز، ایس ایل آرز، انسااس رائفلز، 303 رائفلیں، بڑی مقدار میں کارتوس، ڈیٹونیٹرز، آئی ای ڈیز اور جنگی لٹریچر شامل ہیں۔ شبہ ہے کہ کئی زخمی نکسلی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فورسز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ صورت حال قابو میں ہے۔ علاقے میں مسلسل تلاشی اور کومبنگ آپریشن جاری ہیں۔