رائے پور : چھتیس گڑھ کے نارائن پور ضلع کے قریب آج فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 7 ماؤیسٹ ہلاک ہوگئے جبکہ کچھ زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ یہ انکاؤنٹر سکیوریٹی فورسیس اور نارائن پور ‘ بستر و دنتے واڑہ اضلاع کی پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران ہوا ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ پولیس کو انکاؤنٹر کے مقام سے سات ہتھیار بھی دستیاب ہوئے اور کچھ دوسرا ساز و سامان بھی ضبط کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ شام کے بعد بھی انکاؤنٹر جاری تھا ۔ مہلوک ماؤیسٹوں کی شناخت بھی ابھی نہیں ہوپائی ہے ۔ نارائن پور پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ماؤیسٹوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ 11 بجے دن بیجاپور اور نارائن پور اضلاع کی سرحد پر شروع ہوا تھا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نارائن پور ‘ بستر اور دنتے واڑہ اضلاع کی ضلع ریزرو گارڈ کی ایک مشترکہ ٹیم اور خصوصی ٹاسک فورس کی جانب سے کل رات سے انسداد نکسلائیٹس کارروائی جاری تھی کیونکہ یہ اطلاع ملی تھی کہ 16 سی پی آئی ماؤیسٹ ارکان کے ایک پلاٹون اور اندراوتی ایریا کمیٹی کے ارکان علاقہ میں سرگرم ہیں۔ تلاشی مہم کے دوران فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا تھا ۔ فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد نارائن پور پولیس نے دو ماؤیسٹوں کی نعشیں برآمد کی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی نارائن پور ‘ بستر اور دنتے واڑہ کے سہ رخی جنکشن کے جنگلاتی علاقہ میں کی جا رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ نارائن پور پولیس کو ابتداء میں دو ماؤیسٹوں کی نعشیں برآمد ہوئی تھیںجبکہ دنتے واڑہ پولیس کو ڈی ایس پی آشیش نیتم کی قیادت میں شام میں پانچ نعشیں دستیاب ہوئیں۔ کہا گیا ہے کہ ابھی دستیاب ہتھیاروں کی نوعیت کا بھی پتہ نہیں چلا ہے ۔ جس جنگلاتی علاقہ میں یہ انکاؤنٹر ہوا ہے اسے نکسلائیٹس سرگرمیوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور شبہ کیا جا رہا ہے کہ سی پی آئی ماؤیسٹوں کے درجنوں سینئر ارکان اب بھی جنگلاتی علاقہ میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔