چہارشنبہ کا پہلا سیشن ٹیم کی کامیابی کی بنیاد:ساؤتھی

   

سائوتھمپٹن: نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹم سائوتھی نے کہا کہ پہلی اننگز میں سخت لمحات میں صبرآزما اننگز کھیلتے ہوئے جو سبقت حاصل کی گئی اسی نے نیوزی لینڈ کے لیے مقابلے میں کامیابی کی بنیاد رکھی۔ سائوتھی کے بموجب چہارشنبہ کو پہلے سیشن کا کھیل بھی نیوزی لینڈ کو عالمی چمپئن بنانے میں اہم رول ادا کیا۔ ہندوستانی ٹیم 32 رنز کی سبقت اور 8 وکٹیں محفوظ رکھتے ہوئے فائنل میں آخری دن کے کھیل کا آغاز کیا تھا اور وہ ایک بہتر موقف کی طرف گامزن تھی جبکہ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم 162 رنز پر اپنی 6 وکٹیں گنوانے کے بعد مشکل صورتحال سے دوچار تھی لیکن ان لمحات میں بیٹسمینوں نے صبرآزما اننگز کھیلتے ہوئے ہندوستان کے خلاف 32 رنز کی سبقت حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کو اہم سبقت دلوانے میں ٹیم کا لوور آرڈر اہم رول ادا کرنے میں کامیاب رہا جس میں خود سائوتھی نے 30 رنز کا تعاون دیا۔ سائوتھی نے اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم تقریباً 50 سے زائد رنز کی سبقت حاصل کرنا چاہتے تھے کیوں کہ ہمیں معلوم تھا کہ ہندوستان ایک غیر معمولی بیٹنگ شعبہ کی حامل ٹیم ہے اور ہم انہیں دبائو میں لانے کے لیے زیادہ سے زیادہ رنز کی سبقت حاصل کرنا چاہتے تھے۔ 30 رنز سے زائد کی سبقت کے بعد ہم نے ہندوستان کو دوسری اننگز میں ابتداء سے ہی دبائو میں رکھا۔ سائوتھی نے اعتراف کیا کہ ہم مزید رنز کی سبقت حاصل کرنا چاہتے تھے لیکن جو سبقت ہمیں حاصل ہوئی تھی ہم اس سبقت سے پہلے ہی ہندوستان کی ابتدائی چند وکٹیں حاصل کرنا چاہتے تھے جس میں ہم کامیاب بھی رہے۔ ساؤتھی نے اس مقابلے میں خاص کردوسری اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کو اپنے تجربے سے پورا فائدہ دلوایا۔