چیف سکریٹری سنجے جاجو نے موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کے پہلے مرحلہ کا معائنہ کیا

   

ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت، دریا کو آلودگی سے پاک بناتے ہوئے علاقہ کی ترقی کا منصوبہ
حیدرآباد ۔9 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سنجے جاجو نے موسیٰ ندی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ کے پہلے مرحلہ کے کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پہلے مرحلہ کے تحت آنے والے علاقوں اور ان کے ترقیاتی منصوبہ پر عہدیداروں سے مشاورت کی۔ چیف سکریٹری نے عثمان ساگر، نارسنگی ایس ٹی پی اور گاندھی سروور پراجکٹ کی اراضی کا معائنہ کیا۔ موسیٰ ندی کو آلودگی سے پاک بناتے ہوئے دریائے گوداوری سے پانی کی منتقلی کے ذریعہ موسیٰ ندی اور اس کے اطراف کے علاقوں کی ترقی کا منصوبہ ہے۔ معائنہ کے موقع پر موسیٰ ریور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے مینجنگ ڈائرکٹر، حیدرآباد میٹرو واٹر سیوریج بورڈ کے جوائنٹ مینجنگ ڈائرکٹر اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ چیف سکریٹری نے موسیٰ ندی میں بارش کے پانی کے علاوہ ڈرینج کے بہاؤ کو روکنے، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور پہلے مرحلہ کے انفراسٹرکچر منصوبہ کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہا کہ پراجکٹ کے تحت طویل مدتی اور دیرپا ترقیاتی منصوبہ کو قطعیت دی جائے تاکہ موسیٰ ندی کی صفائی اور ترقی میں مدد ملے۔ موسی ریور ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور ایچ ایم ڈی اے کو علحدہ ماسٹر پلان تیار کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ موسیٰ اور عیسیٰ ندیوں کو باپو گھاٹ تک گاندھی سروور پراجکٹ سے مربوط کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ حکومت نے پہلے مرحلہ کے ترقیاتی کاموں کے آغاز کی منظوری دے کر بجٹ جاری کیا ہے۔1/k