وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے آج ملاقات متوقع
حیدرآباد۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اچانک دہلی پہنچ گئے ان کے ہمراہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ بھی موجود ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ چیف منسٹر نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کیلئے وقت طلب کیا ہے۔ ساتھ ہی وہ سونیا گاندھی اور کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ سے جمعرات کی صبح کو ملاقات کیلئے وقت ملنے کا امکان ہے۔ ریاست میں بارش اور سیلاب سے جو نقصانات ہوئے ہیں چیف منسٹر اس کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے ریاست کو زیادہ سے زیادہ مالی امداد فراہم کرنے کیلئے نمائندگی کریں گے۔ مہیش کمار گوڑ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ دہلی کا دورہ کررہے ہیں۔ پارٹی صدر ملکارجن کھرگے سے ملاقات کے لئے پہلے ہی وقت لے لیا گیا ہے۔ سونیا گاندھی سے بھی ملاقات کرنے کا وقت لیا جارہا ہے۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کانگریس قائدین سے ملاقات میں کابینہ کی توسیع پردیش کانگریس کمیٹی کی تشکیل جدید کے علاوہ 25 سے زائد بورڈ و کارپوریشنس کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بتایا جارہا ہیکہ چیف منسٹر اس دورے میں دیگر مرکزی وزراء سے بھی ملاقات کرتے ہوئے ریاست کے مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ساتھ ہی کانگریس کے سینئر قائدین سے بھی ملاقات کرنے کا امکان ہے۔ چیف منسٹر پہلے 16 ستمبر کو دہلی کے دورے پر جانے والے تھے تاہم آج شام وہ اچانک دہلی کے دورے پر روانہ ہوگئے۔ 2
جگن موہن ریڈی کا پاسپورٹ جاری کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔/11 ستمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے سابق چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کو پاسپورٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں اہم فیصلہ سنایا ہے۔ سابق میں تحت کی عدالت نے ایک سال کے لئے رینیول کے احکامات جاری کئے تھے۔ ہائیکورٹ نے پانچ سال رینیول کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ہائیکورٹ نے مقامی عدالت کی جانب سے مقرر کردہ شرائط کو برقرار رکھتے ہوئے شرائط ختم کرنے سے متعلق جگن موہن ریڈی کی درخواست کو قبول نہیں کیا۔ واضح رہے کہ جگن موہن ریڈی بیرونی دورہ پر روانگی کے خواہاں ہیں۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت کی جانب سے این او سی کی اجرائی کی صورت میں پاسپورٹ آفس رینیول کی کارروائی انجام دیتا ہے۔ ہائیکورٹ نے پانچ سالہ رینیول کیلئے این او سی جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔1