ایجوکیشن ہب اور اقامتی اسکولوں کی زیر تعمیر عمارتوں کا معائنہ، معیاری تعمیرات مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔4۔ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج سے اپنے حلقہ انتخاب کوڑنگل کے علاوہ نارائن پیٹ اور وقار آباد اضلاع میں دو روزہ دورہ کا آغاز کیا اور مختلف ترقیاتی اسکیمات کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سوشیل ویلفیر اقامتی اسکول کے تعمیری کاموں کے علاوہ بی سی ویلفیر اقامتی اسکول اور گورنمنٹ جونیئر کالج کی عمارتوں کا معائنہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی۔ حکیم پیٹ ایجوکیشن ہب کے کاموں کا بھی چیف منسٹر نے جائزہ لیا اور عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں کوڑنگل کے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے مدور میں گورنمنٹ ڈگری کالج کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں سے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے۔ بنیادی سہولتوں کے ساتھ اسکول اور کالجس کی عمارتیں تعمیر کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور ناقص تعمیر کی صورت میں عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولوں اور ڈگری کالج کی عمارتوں کے تعمیری کام مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے 10 سال قبل اپنے ذاتی خرچ سے اراضی حاصل کرتے ہوئے سوشیل ویلفیر اقامتی اسکول کی تعمیر کیلئے الاٹ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اراضی حوالے کرنے والے کسانوں کو اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے دولت آباد میں بی سی ویلفیر اقامتی اسکول اور جونیئر کالج کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ حکیم پیٹ ایجوکیشن ہب میں ینگ انڈیا اٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول ، گورنمنٹ میڈیکل نرسنگ کالج، فزیو تھراپی پیرا میڈیکل کالج اور 430 بستروں پر مشتمل ہاسپٹل تعمیر کیاجائے گا۔ کوڑنگل اسمبلی حلقہ کے ترقیاتی کاموں پر جائزہ اجلاس میں ارکان اسمبلی رام موہن ریڈی، منوہر ریڈی ، ضلع کلکٹر اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔1/k/m/b