کریم نگر اور نظام آباد میں رائے دہندوں سے ملاقات، میناکشی نٹراجن پارٹی قائدین سے ربط میں
حیدرآباد۔/23فروری،( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کل 24 فروری کو گریجویٹ ایم ایل سی نشست کی انتخابی مہم کے تحت کریم نگر اور نظام آباد اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے گریجویٹ رائے دہندوں سے خطاب کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ گریجویٹ نشست پر کانگریس کی کامیابی کے امکانات پر سروے رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انتخابی مہم میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کریم نگر اور نظام آباد کے علاوہ عادل آباد ضلع کا بھی دورہ کرسکتے ہیں۔ ریونت ریڈی ٹیچرس، سرکاری ملازمین اور طلبہ کے اجلاسوں سے خطاب کریں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سروے رپورٹ میں کانگریس امیدوار نریندر ریڈی کی کامیابی کو یقینی قرار دیا گیا ہے تاہم چیف منسٹر انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے پارٹی امیدوار کی اکثریت میں اضافہ کے خواہاں ہیں۔ نظام آباد، میدک، عادل آباد اور کریم نگر متحدہ اضلاع پر مشتمل یہ نشست چیف منسٹر کیلئے وقار کا مسئلہ بن چکی ہے۔ مذکورہ اضلاع میں کانگریس کے علاوہ بی جے پی اپنی مضبوط موجودگی رکھتی ہے۔ 2019 میں اپوزیشن میں رہنے کے باوجود کانگریس امیدوار جیون ریڈی نے گریجویٹ نشست پر بی آر ایس امیدوار کو شکست دی تھی۔2018 اسمبلی چناؤ میں کانگریس کو شکست کے باوجود مارچ 2019 میں جیون ریڈی نے 40 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی انتخابی مہم کی راست نگرانی کررہے ہیں اور وہ روزانہ اہم شخصیتوں کے ساتھ زوم اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی مہم کا جائزہ لے رہے ہیں۔ چیف منسٹر کے علاوہ تلنگانہ کی نئی انچارج میناکشی نٹراجن بھی پارٹی قائدین سے مسلسل ربط میں ہیں۔ کانگریس کی انتخابی مہم میں ایک سال میں حکومت کی جانب سے 55 ہزار سے زائد تقررات کو پیش کرتے ہوئے نوجوانوں کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔1