حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو فارم ہاوز سے یشودا ہاسپٹل سوماجی گوڑہ منتقل کیا گیا۔ چیف منسٹر دفتر کے ذرائع کے مطابق ڈاکٹرس کے مشورہ پر یہ فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر کا سی ٹی اسکیان اور دیگر ضروری معائینے کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیپھڑوں پر اثرات کا جائزہ لینے کے لئے ٹسٹ کئے گئے جبکہ ذرائع نے چیف منسٹر کی صحت کو مستحکم بتایا ہے۔ معائینوں کے بعد چیف منسٹر قیامگاہ واپس ہوگئے۔ چیف منسٹر کے آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کے نتیجہ کی بنیاد پر مزید ٹسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے شخصی معالج ڈاکٹر ایم وی راؤ کی نگرانی میں معائینے کئے گئے۔ ڈاکٹرس کے مطابق چیف منسٹر کے پھیپھڑے نارمل ہیں اور کوئی انفکشن نہیں پایا گیا۔ دوسرے معائینوں کے لئے خون کے نمونے حاصل کئے گئے جس کی رپورٹ جمعرات کو آئے گی۔ ڈاکٹرس نے کہا کہ چیف منسٹر کی حالت مستحکم ہے اور وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزیر کے ٹی آر اور رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار اور دیگر افراد خاندان موجود تھے۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ کورونا سے متاثر ہونے کے بعد چیف منسٹر فارم ہاؤز میں آئسولیشن کے تحت آرام کر رہے تھے۔ آئسولیشن کے باوجود چیف منسٹر ٹیلیفون پر عہدیداروں سے ربط میں تھے اور ضروری ہدایات جاری کر رہے تھے۔ اسی دوران چیف منسٹر کی عاجلانہ صحت یابی کے لئے وزراء اور پارٹی قائدین کی جانب سے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔