چیف منسٹر کے خلاف مہم پر ڈیجیٹل میڈیا کے خلاف پولیس میں شکایت

   

رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی کی ڈپٹی کمشنر سی سی ایس سے ملاقات، میناکشی نٹراجن معاملہ میں گمراہ کن مہم
حیدرآباد۔ 10 جون (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی نے ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) سے ملاقات کرتے ہوئے سوشیل میڈیا کے ایک تلگو چیانل کے خلاف تحریری شکایت درج کراتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کی خواہش کی۔ مدھیہ پردیش میں میناکشی نٹراجن کے راجیہ سبھا کے لئے پرچۂ نامزدگی کو مسترد کئے جانے کے مسئلہ پر تلگو اسکرائب نامی سوشیل میڈیا چیانل نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ذمہ دار قرار دیا۔ چیانل کے مطابق ریونت ریڈی کی سازش کے نتیجہ میں میناکشی نٹراجن کا پرچۂ نامزدگی مسترد ہوا ہے۔ کرن کمار ریڈی نے اپنی شکایت میں بتایا کہ ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے اور اس مہم کو اپوزیشن کی تائید حاصل ہے۔ سوشیل میڈیا میں مختلف پلیٹ فارمس بشمول ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر تلگو میں پوسٹ کرتے ہوئے میناکشی نٹراجن کے خلاف ریونت ریڈی کی سازش کے عنوان سے گمراہ کن باتیں پھیلائی جارہی ہیں۔ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ریونت ریڈی نے بی جے پی قائدین کو میناکشی نٹراجن کے خلاف مقدمہ کی تفصیلات حوالے کی ہیں۔ رکن پارلیمنٹ نے مجرمانہ سازش اور ہتک عزت جیسے دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے سوشیل میڈیا نیٹ ورک کو فوری نوٹس جاری کرتے ہوئے چیف منسٹر کے خلاف مواد کو سوشیل میڈیا سے حذف کرنے کا مشورہ دیا۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کرن کمار ریڈی نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ ملی بھگت کے ذریعہ چیف منسٹر کے خلاف مہم شروع کی گئی تاکہ ان کے وقار کو مجروح کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مخالف ریونت ریڈی مہم کو روکنے کے لئے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میناکشی نٹراجن کے معاملہ میں چیف منسٹر کا کوئی رول نہیں ہے۔ تلنگانہ میں میناکشی نٹراجن کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور عدالت کی ایک نوٹس کو بی جے پی مقدمہ کے طور پر پیش کررہی ہے۔ m/b/F/1