چیف منسٹر کے سی آر آج پرچہ نامزدگی داخل کریں گے

   

حیدرآباد۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) صدر بی آر ایس و چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ جمعرات کو اسمبلی حلقہ جات گجویل اور کاماریڈی سے اپنے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 10 نومبر ہے۔ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کے سی آر نے پہلے ہی شری وینکٹیشورا سوامی مندر ضلع سدی پیٹ میں پوجا کی اور اپنے نامزدگی کاغذات وہاں رکھے۔ 1985 سے ہر الیکشن کے وقت وہ ایسا کرتے ہیں۔ حلقہ گجویل میں وہ جمعرات کو 11 بجے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے اور وہاں سے کاماریڈی روانہ ہوں گے اور دن میں 2 بجے وہاں اپنی نامزدگی داخل کریں گے۔ بعد ازاں وہ کاماریڈی میں پرجا آشیرواد سبھا سے خطاب کریں گے۔ اس طرح ان کی انتخابی مہم کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگا۔ دیوالی کے موقع پر مختصر سے وقفہ کے بعد کے سی آر 13 نومبر سے انتخابی مہم دوبارہ شروع کریں گے۔