کتہ گوڑم میں الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے قافلہ کو روک لیا
حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے تلاشی مہم کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے سی آر کو بھی نہیں بخشا ہے۔ انتخابی مہم کیلئے چیف منسٹر آج کتہ گوڑم کے دورہ پر تھے۔ کے سی آر کتہ گوڑم اور کھمم میں جلسوں سے خطاب کیلئے خصوصی گاڑی ’ پرگتی پتھم‘ کے ذریعہ روانہ ہوئے، کتہ گوڑم میں الیکشن کمیشن عہدیداروں نے پولیس کی مدد سے چیف منسٹرکی گاڑیوں کے قافلے کو روک لیا اور چیف منسٹر جس گاڑی میں سوار تھے اس کی مکمل تلاشی لی گئی۔ الیکشن مہم کیلئے زیر استعمال ’ پرگتی پتھم‘ کے تمام گوشوں کی عہدیداروں نے تلاشی لی حتیٰ کہ باتھ روم میں پہنچ کر بھی تمام شیلفس کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر تلاشی کے دوران گاڑی میں بیٹھے رہے۔ کے سی آر کے خصوصی بیاگس بھی کھول کر تلاشی لی گئی۔ تلاشی مہم میں حکام نے کہا کہ یہ معمول کی کارروائی ہے اور دیگر پارٹیوں کے ساتھ بھی تلاشی مہم جاری ہے۔ واضح رہے کہ انتخابات میں یہ پہلا موقع ہے جب الیکشن کمیشن حکام نے چیف منسٹر کی خصوصی گاڑی کی تلاشی لی۔ چیف منسٹر کی گاڑی کے علاوہ قافلہ کی دیگر گاڑیوں کی بھی تلاشی لی گئی۔