پارٹی اجلاس کے بعد ضلع کلکٹرس کی کانفرنس، مختلف اضلاع کے دوروں کا اعلان
حیدرآباد۔/15 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 17 ڈسمبر سے اپنی سیاسی اور سرکاری سرگرمیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ حضورآباد ضمنی چناؤ میں شکست کے بعد تلنگانہ میں حکومت کی کارکردگی بہتر بناتے ہوئے عوام سے قریب ہونے کے علاوہ پارٹی کی تنظیم سازی پر توجہ مبذول کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے دلت بندھو اور دیگر فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کیلئے ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس طلب کیا ہے۔ اس کے علاوہ 19 ڈسمبر سے وہ اضلاع کے دوروں کا آغاز کریں گے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ تفصیلی پروگرام کے مطابق 17 ڈسمبر کو 2 بجے دن تلنگانہ بھون میں چیف منسٹر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوگا جس میں ارکان پارلیمنٹ، ارکان مقننہ، ضلع پریشد صدورنشین، ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینکس کے صدور نشین، رعیتو بندھو ضلع کمیٹیوں کے صدور نشین، مختلف ریاستی سطح کے کارپوریشنوں کے صدور نشین، ٹی آر ایس ریاستی عاملہ کے عہدیدار اور اہم قائدین شرکت کریں گے۔ 18 ڈسمبر کو پرگتی بھون میں ضلع کلکٹرس کے ساتھ دلت بندھو اور دیگر اسکیمات پر اجلاس منعقد ہوگا۔ ریاستی وزراء، چیف سکریٹری سومیش کمار اور اعلیٰ عہدیدار شرکت کریںگے۔ اجلاس میں دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری خاص طور پر حضورآباد اور دیگر چار منڈلوں میں اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا۔ ریاست گیر سطح پر مارچ سے قبل دلت بندھو پر عمل آوری پر حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ عوامی نمائندوں اور عہدیداروں سے مشاورت کے علاوہ عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کیلئے ٹریننگ کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ اجلاس میں کسانوں سے دھان کی خریدی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ چیف منسٹر19 ڈسمبر کو ونپرتی ضلع کا دورہ کریں گے۔ وہ ضلع کلکٹریٹ کامپلکس کا افتتاح کریں گے اور میڈیکل کالج کے قیام کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ ٹی آر ایس ضلع دفتر کا افتتاح انجام دیں گے۔ 20 ڈسمبر کو جنگاؤں ضلع کا دورہ کرتے ہوئے کلکٹریٹ کی عمارت کا افتتاح کریں گے اور مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کریں گے۔ چیف منسٹر عنقریب دیگر اضلاع کے دورہ کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ چیف منسٹر اچم پیٹ اسمبلی حلقہ کا دورہ کریں گے جہاں اوما مہیشور راؤ لفٹ اریگیشن اور ذخیرہ آب کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ 100 بستروں کے دواخانہ کا افتتاح انجام دیں گے۔ چیف منسٹر ضلع کلکٹریٹ کی عمارت کا افتتاح کریں گے۔ اضلاع کے دورہ کے موقع پر چیف منسٹر کلکٹریٹس کی نئی عمارتوں کے آغاز کے علاوہ ضلع میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا جائزہ لیں گے۔ چیف منسٹر وقارآباد ضلع کے دورہ کا بھی منصوبہ رکھتے ہیں۔ چیف منسٹر کے دورہ کے انتظامات کو قطعیت دینے کیلئے ضلع کلکٹرس اور ریاستی وزراء کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ر