12کلکٹریٹ عمارتوں ، 18 اضلاع پارٹی دفاتر و 8میڈیکل کالجس کا افتتاح
ٹی آر ایس کی سیاسی طاقت کا مظاہرہ ، وزراء اور ارکان اسمبلی اضلاع میں متحرک
حیدرآباد ۔ 21 نومبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے 4 تا 18 ڈسمبر اضلاع کے دورے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ 12 اضلاع میں جدید کلکٹریٹس کی عمارتوں ، 18 اضلاع میں ٹی آر ایس پارٹی دفاتر اور 8 اضلاع میں گورنمنٹ میڈیکل کالج عمارتوں کا افتتاح کریں گے ۔ چیف منسٹر نے ایک سال پہلے ہی انتخابی تیاریوں کا آغاز کردیا اور اضلاع کے دورے کرکے سرکاری پروگرامس کے علاوہ ٹی آر ایس سرگرمیوں میں حصہ لے کر پارٹی کارکنوں میں نیاجوش و خروش پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 4 تا 18 ڈسمبر دو ہفتے اضلاع کے طوفانی دوروں کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ محبوب نگر سے چیف منسٹر کے دورہ کا آغاز ہوگا ۔ اس کے بعد محبوب آباد و دوسرے اضلاع کا دورہ کریں گے ۔ماضی میں کئی مرتبہ چیف منسٹر کے دورہ کو قطعیت دی گئی ، بعد میں وہ منسوخ ہوگئے ۔ کے سی آر نے ٹی آر ایس کو قومی جماعت بی آر ایس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اضلاع میں پارٹی پروگرامس کو توسیع دینے اضلاع ہیڈ کوارٹرس پر پارٹی دفاتر کا افتتاح کرنے اور زیر تعمیر عمارتوں کی جلد تکمیل کی پارٹی قائدین کو ہدایت دی ہے ۔ اس کے علاوہ آئندہ انتخابات کیلئے ایک سال باقی رہ گیا ہے جس کے پیش نظر چیف منسٹر ترقیاتی کاموں پر توجہ دے رہے ہیں جس کے پیش نظر سنگاریڈی ، محبوب آباد ،منچریال ، جگتیال ، ونپرتی ،کتہ گوڑم ، ناگرکرنول اور راما گنڈم گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں کلاسیس کا چیف منسٹر نے آن لائن افتتاح کیا ہے ۔ آئندہ ماہ ان 8 کالجس کی عمارتو ں کا کے سی آر افتتاح کریں گے ۔اس سلسلہ میںکلکٹریٹس ، میڈیکل کالجس میں عہدیداروں اور طلبا کا اجلاس منعقد کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ ضلع پارٹی ہیڈ کوارٹرس کے افتتاح کے موقع پر جلسہ منعقدہ کرنے اور ٹی آر ایس کی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ حال میں ٹی آر ایس کے توسیعی اجلاس میں چیف منسٹر نے وزراء اور ٹی آر ایس ارکان اسمبلی ،پارلیمنٹ ، کونسل کو اپنے حلقوں اور اضلاع میں عوام کو دستیاب رہنے کی ہدایت دی ہے ۔ سکریٹریٹ کے آئندہ جنوری میں افتتاح کا امکان ہے ۔ چیف منسٹر نے چند دن قبل سکریٹریٹ کا دورہ کرکے تعمیر کا جائزہ لیا تھا ہے ۔ تین شفٹوں میں تقریباً 3 ہزار مزدور سکریٹریٹ کی تعمیر میں مصروف ہیں ۔ اسکے علاوہ چیف منسٹر ٹینک بنڈ پر یادگار شہیداں اور 125 فٹ بلند مجسمہ امبیڈکر کا ایک ہی دن افتتاح کرنے کی تیاری کر رہے ہیں ۔ منوگوڑ ضمنی انتخاب میں بی جے پی سے سخت مقابلہ اور کمیونسٹ جماعتوں کی تائید کے باوجود ٹی آر ایس کی صرف 10 ہزار ووٹوں سے کامیابی کے بعد کے سی آر فکرمند ہیں ۔ ریاست میں تیسری مرتبہ حکومت کی تشکیل اور بی آر ایس کے قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے چیف منسٹر ریاست میں خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ جنوبی ہند میں ابھی تک کسی پارٹی نے مسلسل تیسری مرتبہ حکومت نہیں بنائی ہے ۔چیف منسٹر تیسری مرتبہ اقتدار حاصل کرکے سارے ملک میں تلنگانہ کو رول ماڈل کی طرح پیش کرکے قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے کی تیاری کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے تمام ارکان اسمبلی کو دوبارہ ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ارکان اسمبلی میں ٹکٹ سے محروم ہونے کے جو خدشات تھے وہ دور ہوگئے ہیں ، تاہم ٹکٹ کے دعویداروں میں مایوسی پیدا ہوگئی ہے ۔ چیف منسٹر اضلاع کے دورہ کرکے تمام قائدین کو ایک پلیٹ فارم اکٹھا کرنے عوام کے سامنے اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں ۔ پارٹی کے ناراض قائدین کو منانے کی بھی حکمت عملی تیار کی ہے ۔ن