چیف منسٹر کے کامیاب دورہ امریکہ سے بی آر ایس قیادت بوکھلاہٹ کا شکار

   

کانگریس رکن اسمبلی اے سرینواس کا الزام، بی آر ایس کا وجود خطرہ میں
حیدرآباد ۔ 12 اگست (سیاست نیوز) گورنمنٹ وہپ اے سرینواس نے چیف منسٹر کے بیرونی دورہ کے خلاف سوشل میڈیا میں مخالف مہم کی مذمت کرتے ہوئے بی آر ایس قائدین کو مہم کے لئے ذمہ دار قرار دیا۔ سی ایل پی آفس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اے سرینواس نے کہا کہ چیف منسٹر کے کامیاب دورہ امریکہ و جنوبی کوریا سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور تلنگانہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور چیف منسٹر ریونت ریڈی دونوں شعبوں میں سنجیدگی سے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے پہلے دورہ لندن کے موقع پر حیدرآباد کی ترقی کے لئے معاہدات کئے گئے تھے۔ انہوں نے کے ٹی آر سے سوال کیا کے ڈاوس میں بزنس کانفرنس میں شرکت کے ذریعہ انہوں نے کتنی کمپنیوں سے سرمایہ کاری کے لئے معاہدات کئے تھے؟ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں سرمایہ کاری کے محض دعوے کئے گئے لیکن حقیقت میں بین الاقوامی اداروں نے کوئی سرمایہ کاری نہیں کی۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت نے سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس سوشل میڈیا سیل کی جانب سے چیف منسٹر کے خلاف چلائی جارہی مہم افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک طرف سرکاری شعبہ میں تو دوسری طرف خانگی شعبہ میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی مہم سے عوام بہتر طور پر واقف ہیں اور وہ پروپگنڈہ کا شکار نہیں ہوں گے۔ بی آر ایس قائدین کو اس بات کا خوف ہے کہ تلنگانہ کی ترقی کے اقدامات سے ان کا وجود خطرہ میں پڑسکتا ہے۔ 1