چیف منسٹر کے ہیلی کاپٹر میں پھر تکنیکی خرابی ، خصوصی بس سے آصف آباد روانہ

   

حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے ہیلی کاپٹر میں ایک ہفتہ میں دوسری مرتبہ تکنیکی خرابی پیدا ہوئی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر ریاست میں طوفانی انتخابی مہم چلا رہے ہیں روزانہ اوسطاً 2 تا 4 انتخابی جلسوں سے خطاب کررہے ہیں۔ دو دن قبل پیر کو اپنے فارم ہاوز سے ہیلی کاپٹر سے چیف منسٹر محبوب نگر روانہ ہوئے تھے تاہم تکنیکی خرابی کے باعث پائیلٹ نے فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کی واپس چیف منسٹر کے فارم ہاوز میں محفوظ طریقہ سے لینڈنگ کرائی تھی ۔ چیف منسٹر کے سی آر آج بی آر ایس کے آشیرواد جلسوں سے خطاب کرنے کے لیے بذریعہ ہیلی کاپٹر ضلع کمرم بھیم روانہ ہوئے تھے ۔ ہیلی کاپٹر میں تکنیکی خرابی کے باعث پائیلٹ نے سرپور میں ہیلی کاپٹر کو روک دیا جس کے بعد چیف منسٹر کے سی آر اپنی خصوصی بس میں آصف آباد کے لیے روانہ ہوئے ۔ چیف منسٹر کے سی آر متحدہ ضلع عادل آباد کا دورہ کررہے ہیں ۔ سرپور میں منعقدہ بی آر ایس کے جلسہ عام سے انہوں نے خطاب کیا۔ اس کے بعد آصف آباد اور بیلم پلی میں منعقد ہونے والے جلسوں سے چیف منسٹر کے خطاب کا پروگرام ہے۔ن