چین ،پاکستان کیساتھ خلائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے تیار

   

بیجنگ ۔ 10 نومبر (ایجنسیز) چین، پاکستان کے ہمراہ خلائی اور دیگر شعبوں میں تعاون مستحکم کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے تیار ہے، چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے پیر کو بیجنگ میں ایک باقاعدہ پریس بریفنگ کے دوران کہا۔ایک پاکستانی خلاباز بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ شینڑو-24 مشن کے عملے میں شامل ہوں گے جو مدار میں ایک مختصر پرواز مکمل کرنے کے بعد شینڑو-23 خلائی جہاز کے ذریعہ زمین پر واپس آ جائیں گے۔بریفنگ کے دوران گو نے کہا، ہم اپنی روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، خلائی اور دیگر شعبوں میں تعاون مستحکم کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے تیار ہیں۔نیز کہا، وسیع کائنات کی تلاش اور بیرونی خلا کا پرامن استعمال بنی نوع انسان کا مشترکہ مقصد ہے اور اس کا تعلق تمام لوگوں کی بہبود سے ہے۔ترجمان نے کہا، چین بیرونی خلا کے پرامن استعمال کا حامی ہے، یہ بین الاقوامی خلائی تعاون میں سرگرمی سے حصہ لیتا اور بیرونی خلا کے میدان میں مشترکہ مستقبل کی حامل کمیونٹی کی تعمیر کی تشہیر کرتا ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ چین اور پاکستان ہر طرح کے حالات میں تزویری تعاون کے شراکت دار ہیں۔ نیز کہا کہ چینی خلائی جہاز میں پاکستانی خلاباز کی شمولیت ایسا اولین مشترکہ مشن ہو گا جس میں چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں چینی اور غیر ملکی خلاباز شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر یہ دوطرفہ تعاون کا ایک اور اہم نتیجہ ہے۔
اگرچہ چینی خلائی مشن کا حصہ بننے والے پاکستانی خلاباز کے نام کا ہنوز اعلان نہیں کیا گیا تاہم چین میں تربیت حاصل کرنے کیلئے دو خلابازوں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو منتخب کیا گیا تھا۔بیجنگ نے حالیہ برسوں میں اپنے خلائی پروگرام میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے اور 2030 تک چاند پر خلابازوں کو اتارنا اس کا ہدف ہے۔چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور ایک بڑا غیر ملکی سرمایہ کار ہے۔