بیجنگ : چین کا کہنا ہے کہ وہ قومی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ نیز بین الاقوامی اور علاقائی معاملات میں بڑا کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔ اس نے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ایی نے چہارشنبہ کے روز بیجنگ میں اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران کہا کہ بیجنگ اسلام آباد کے ساتھ مل کر چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کا اپ گریڈ ورڑن بنانے کے لیے تیار ہے۔ چین کے معروف میڈیا ادارے ‘ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ’ کی اطلاعات کے مطابق پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے ساتھ بات چیت میں چینی وزیر خارجہ نے پڑوسی ممالک کے درمیان آہنی تعلقات کو سراہتے ہوئے سی پیک پروجیکٹ کو مزید آگے بڑھانے کا عہد کیا۔ چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ایی نے سن 2022 میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں کو صنعتی تعاون سے متعلق فریم ورک معاہدے کو مؤثر طریقہ سے نافذ کرنا چاہیے۔ صنعت، زراعت، کان کنی، نئی توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں ہمارے تعاون کو مضبوط بنانا چاہیے۔ اسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان کے مطابق اس موقع پر اسحاق ڈار نے چین کے ساتھ تعلقات کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد قرار دیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے متنازعہ علاقہ پر ہندوستان قبضے کے سبب علاقائی امن و سلامتی کو درپیش خطرات کو بھی اجاگر کیا اور اس تنازعہ پر چین کے اصولی موقف کو سراہا۔