چین میں آج سے ہر نوعیت کے ویزوں کی اجرائی

   

بیجنگ : یہ اس بات کا اشارہ ہیکہ چین تین برس تک سخت کورونا پابندیوں کے بعد غیر ملکیوں کیلئے اپنی سرحدیں دوبارہ کھول رہا ہے۔ ہانگ کانگ، مکاؤ اور آسیان ممالک کے غیر ملکیوں کیلئے ویزا فری داخلہ بھی دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔چینی وزارت خارجہ نے منگل 14 مارچ کو ایک بیان میں کہا کہ وہ 15 مارچ چہارشنبہ کو غیر ملکیوں کو ہر قسم کے ویزے جاری کرنا دوبارہ شروع کر دے گی۔ سفری پابندیوں میں نرمی کا یہ اعلان چین کو بیرونی دنیا کیلئے دوبارہ کھولنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔بیجنگ حکومت نے گزشتہ دسمبر میں کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے اپنی ’صفر برداشت‘ کی پالیسی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا پھر اگلے ہی مہینے سے اپنی سرحدیں دوبارہ کھولنا شروع کر دی تھیں۔چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ کووڈ انیس کی وبا سے پہلے چین کے جن علاقوں میں ویزے کی ضرورت نہیں تھی، وہ پھر سے ویزا فری داخلے کی پالیسی پر واپس آجائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی ہانگ کانگ، مکاؤ اور آسیان گروپ میں شامل ممالک کے غیر ملکیوں کیلئے ویزا فری داخلہ بھی دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔اس اعلان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بیجنگ ہینان جزیرے کے کروز بحری جہازوں کی گزرگاہ اور شنگھائی کی بندرگاہوں جیسے مختلف مقامات سے بھی پابندیاں ہٹا رہا ہے۔اعلان کے مطابق 28 مارچ 2020 سے پہلے جاری کیے گئے ویزے، جن کی میعاد اگر اب بھی باقی ہو، ان کی بنیاد پر بھی چین میں داخلے کی دوبارہ اجازت ہو گی۔