بیجنگ، 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چین میں کورونا وائرس (کووڈ۔ 19)سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3671 اور اس بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 80,813 تک پہنچ گئی ہے ۔نیشنل ہیلتھ کمیشن نے جمعہ کو یہ اطلاع دی ۔ کمیشن نے بیان جاری کر کے کہا‘‘ قومی صحت مشن نے کورونا وائرس سے 31 صوبوں میں مجموعی 80,813 معاملات کی تصدیق کی ہے جن میں سے 13,526 افراد متاثر ہیں، 4020 کی حالت نازک ہے اور 3176 افراد کی موت ہو چکی ہے اور 64,111 لوگوں کو صحتیاب ہونے کے بعدا ہاسپٹل سے فارغ کر دیا گیا ۔ واضح رہے کہ چین کے ووہان شہر میں کورونا وائرس کا پہلا معاملہ سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اب تک یہ 110 سے زائد ممالک میں پھیلا چکا ہے ۔ عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم نے چہارشنبہ کو کورونا وائر س کو وبا قرار دے دیا ہے ۔
کورونا کیلئے امریکی آرمی پر الزام سے چین لاتعلق
بیجنگ ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چین نے جمعہ کو اس ٹوئیٹ سے لاتعلقی اختیار کرلی جو اس کے ایک عہدیدار نے کیا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ یو ایس آرمی نے ہوسکتا ہے مہلک کورونا وائرس کو شہر ووہان لایا ۔ بیجنگ نے کہا کہ وبا کی شروعات کا سبب جاننے کیلئے سائنسی تجزیہ درکار ہوتا ہے۔ اس طرح لفظی دعوؤں سے کوئی بات صادق نہیں ہوجاتی۔ جب سے کووڈ ۔ 19 کی وبا پھوٹ پڑی ہے اس کے منبع کے بارے میں واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان لفظی جنگ چھڑی ہوئی ہے۔ تاہم چین نے آج اسے ختم کرنے کی کوشش میں کہا کہ وہ الزام سے لاتعلق ہے۔