چینائی میں بارش تھم گئی، بحران برقرار

   

چینائی : تملناڈو کے چینائی شہر اور اس کے ملحقہ اضلاع میں جمعہ کو بارش تھم گئی، لیکن بحران برقرار ہے اور کئی علاقے اب بھی زیر آب ہیں۔محکمہ موسمیات نے آج کہا کہ شمالی ساحلی تمل ناڈو میں ہوا کا دباؤ کمزور ہونے کی وجہ سے شمالی تمل ناڈو اور ملحقہ علاقوں میں اس کااثر تبدیل ہونا شروع ہو گیا ہے ۔محکمہ نے کہا کہ ہوا کے دباؤنے کل رات چینائی کے قریب ساحل کو عبورکرلیا۔ محکمہ نے چینائی اور دیگر اضلاع میں جاری کردہ ریڈ الرٹ واپس لے لیا ہے جہاں اگلے 24 گھنٹوں میں بھاری بارش کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔چینائی ، تروولور، کانچی پورم اور چینگل پیٹ اضلاع میں پانی جمع ہونے کے پیش نظر آج مسلسل پانچویں دن اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا۔کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے آج چینائی شہر کے تمام 200 وارڈوں میں خصوصی میڈیکل کیمپ شروع کیے ہیں۔ کورونا کے باوجود دیوالی کے تہوار کے دن دکانوں پر ہزاروں لوگوں کا ہجوم دیکھا گیاتھا۔اس دوران ہفتہ کو جنوبی انڈمان سمندر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہوا کا تازہ دباؤ بننے کی امید ہے ۔ اگلے 48 گھنٹوں میں اس کے مغرب۔شمال مغرب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے ۔ چینائی میں آج پانچویں دن شدید بارش کے بعد تیز دھوپ نکلی ہے لیکن درمیان میں بادل چھائے رہے۔