بیجنگ : چین کے ایک لڑاکا جیٹ نے گذشتہ ہفتے امریکہ کے ایک طیارے کا راستہ روکنے کی غرض سے ‘غیر ضروری طور پر جارحانہ’ کارروائی کی تھی۔امریکی فوج نے منگل کو اس واقعہ کی اطلاع دی ہے۔ امریکہ کی بحر ہند، بحرالکاہل کمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوامی جمہوریہ چین کے ایک J-16 لڑاکا پائلٹ نے 26 مئی 2023 کو امریکی فضائیہ کے RC-135 طیارے کو روکنے کے کوشش میں غیر ضروری طور پر جارحانہ حربے کا مظاہرہ کیا تھا۔چینی پائلٹ نے براہِ راست RC-135 کی ناک کے سامنے پرواز کی جس کی وجہ سے امریکی طیارے کو غیر محفوظ انداز میں گزرنا پڑا۔ RC-135 بین الاقوامی قوانین کے مطابق بین الاقوامی فضائی حدود میں بحیرہ جنوبی چین کی فضائی حدود میں محفوظ اور معمول کی کارروائیاں کر رہا تھا۔امریکی فوج نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ جہاں بھی بین الاقوامی قانون اجازت دیتا ہے، وہاں پرواز، کشتی رانی اور آپریشن جاری رکھے گی۔ بیان میں زور دیا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی فضائی حدود کو محفوظ طریقے سے استعمال کریں۔واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان حالیہ مہینوں میں کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے اور چین بار بار امریکہ کے مطالبے کو مسترد کرتا چلا آ رہا ہے۔