چیکوٹی کینسوں کا معاملہ ، ریاستی وزیر سرینواس یادو کے دونوں بھائیوں سے پوچھ تاچھ

   

ای ڈی سے ٹی آر ایس کے ایم ایل سی ایل رمنا اور میدک ڈی سی سی بی کے صدر نشین کو نوٹس کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : دونوں تلگو ریاستوں میں سنسنی پیدا کرنے والے چیکوٹی پراون کمار کے کینسوں کیس کے معاملے میں تین ماہ بعد نیا موڑ منظر عام پر آیا ہے ۔ انفورسمنٹ ڈائرکوریٹ ( ای ڈی ) کے عہدیداروں نے آج ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو کے دونوں بھائیوں کو طلب کرتے ہوئے ان سے پوچھ تاچھ کا آغاز کردیا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ گریٹر حیدرآباد کے ایک وزیر اور مزید تین ارکان اسمبلی کو نوٹس دینے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ ان کے ساتھ چیکوٹی پراوین کے وائس اپ چاٹنگ کی ای ڈی عہدیداروں نے نشاندہی کی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹی آر ایس کے ایم ایل سی ایل رمنا اور میدک ڈی سی سی بی کے صدر نشین دیویندر ریڈی کو بھی نوٹس جاری کی گئی ہے ۔ ساتھ ہی آندھرا پردیش کے ایک سابق رکن اسمبلی کو بھی پوچھ تاچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے ۔ چیکوٹی پراوین کمار نے گوا کے علاوہ بیرونی ممالک نیپال ، سری لنکا کے علاوہ دوسرے ممالک میں کینسو جوا کا اہتمام کیا ہے ۔ ان ممالک میں کینسو غیر قانونی نہیں ہے مگر مالیاتی جو ادائیگی ہوئی ہے وہ غیر قانونی ہے ۔ اس کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ تین ماہ قبل ای ڈی کے عہدیداروں نے چیکوٹی پراوین کمار اور ان کے ساتھ مادھو ریڈی کے مکانات اور دفاتر پر دھاوے کرتے ہوئے کمپیوٹر ڈسکس اور دیگر ضروری دستاویزات ، فون کا کال ڈاٹا ، ای میل ، وائس اپ چاٹس کا گہرائی سے جائزہ لیا ہے اور ساتھ ہی پراوین کمار اور دوسروں سے پوچھ تاچھ کے بعد جو تفصیلات حاصل ہوئی ہیں ۔ اس کی بنیاد پر رپورٹ تیار کی ہے جس کے بعد دوبارہ اس کیس کے معاملے میں تحقیقات کا از سر نو آغاز کیا ہے ۔ جس سے ان سے رابطے میں رہنے والے سیاسی قائدین اور تاجرین کی نیندیں دوبارہ حرام ہوگئی ہیں ۔ تین ماہ قبل جب اس کیس کی تحقیقات کا آغاز ہوا تھا تب کینسو میں جلوہ بکھیرنے والی ہندی اور ساوتھ کی اداکاروں پر کروڑ روپئے دولت اڑانے کا بھی انکشاف ہوا تھا ۔ ای ڈی عہدیداروں کی تین ماہ تک خاموشی اختیار کی جس کے بعد یہ سونچا جارہا تھا کہ کیس ختم ہوگیا ہے ۔ مگر ای ڈی کے عہدیداروں نے آج ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری ٹی سرینواس یادو کے دونوں بھائیوں مہیش یادو اور دھرمیندر یادو کو ای ڈی آفس طلب کرتے ہوئے دوبارہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیکوٹی پراون کے ساتھ ریاستی وزیر کے دونوں بھائیوں نے نیپال و دوسرے ممالک کا دورہ کیا ہے ۔ ای ڈی کے عہدیدار ان دونوں بھائیوں سے منی لانڈرنگ اور حوالہ امور کے علاوہ دوسرے معاملات پر پوچھ تاچھ کررہے ہیں ۔ جس سے دونوں تلگو ریاستوں کے سیاسی حلقوں میں دوبارہ ہلچل پیدا ہوگئی ہے اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ مزید قائدین کو پوچھ تاچھ کے لیے طلب کیا جاسکتا ہے ۔ ای ڈی عہدیدار تمام ثبوتوں کو اکٹھا کرنے کے بعد اس کیس سے جڑے رہنے والوں کو نوٹسیں جاری کررہے ہیں ۔ ٹیلی فون کال ڈاٹا ، وائس اپ چاٹنگ ، بیرونی ممالک کے دورے چیکوٹی پراوین سے تعلقات کے علاوہ دوسرے امور پر خصوصی نگاہ رکھنے کے بعد دوبارہ اس کیس کی تحقیقات میں شدت پیدا کی ہے ۔ اپنے بھائیوں سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ کے معاملے میں وزیر ٹی سرینواس یادو خاموش ہیں ۔ ابھی تک انہوں نے کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے ۔۔ ن