حیدرآباد سے تعلق رکھنے والا پورا خاندان زندہ جل گیا
حیدرآباد 7 جولائی ( سیاست نیوز ) امریکہ کے شہر ڈالاس میں ایک انتہائی افسوسناک سڑک حادثہ میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کے چار افراد جل زندہ جل گئے ۔ تفصیلات میں بتایا گیا کہ حیدرآباد کے سچترا علاقہ سے تعلق رکھنے والے تیجسونی اور شری وینکٹ اپنے دو بچوں کے ساتھ چھٹیاں گذارنے امریکہ گئے تھے ۔ وہ اٹلانٹا میں اپنے رشتہ داروں کے گھر سے ڈالاس واپس آ رہے تھے کہ راستے میں گرین کاؤنٹی کے قریب ایک منی ٹرک نے ان کی کار کو ٹکر مار دی ۔ یہ منی ٹرک غلط سمت سے آر ہا تھا ۔ یہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ آگ نے کار کو فوری اپنی لپیٹ میں لے لیا اور گاڑی جل کر راکھ ہوگئی ۔ کار میں سوار چاروں افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ نعشیں اس قدر جھلس گئی تھیں کہ ان کی شناخت ڈی این اے ٹسٹ سے ہی ممکن ہوگی ۔ بعد ازاں نعشیں لواحقین کے حوالے کی جائیں گی ۔