پوسٹل ڈپارٹمنٹ کا ای کامرس ورکشاپ، اعلیٰ عہدیداروں اور تجارتی اداروں کی شرکت
حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) پوسٹل ڈپارٹمنٹ کی نئی خدمات بالخصوص برآمدات کی سہولت کے بارے میں شعور بیداری کیلئے ای کامرس ایکسپورٹ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد ڈاک گھر نریات کیندر کی خدمات سے تجارتی اداروں کو واقف کرانا ہے۔ ڈائرکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ، اسوسی ایشن آف لیڈی انٹر پرینرس آف انڈیا، مائیکرو اسمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزس، فیڈریشن آف انڈین ایکسپورٹ آرگنائزیشن اور سنٹرل کسٹمس اینڈ ایکسائیز کے اشتراک سے ای کامرس ورکشاپ منعقد کیا گیا جس میں ڈاکٹر پی ودیا ساگر ریڈی چیف پوسٹ ماسٹر جنرل تلنگانہ سرکل، شریمتی ٹی ایم سری لتا پوسٹ ماسٹر جنرل ہیڈ کوارٹر ریجن، بی ارومگم ڈائرکٹر پوسٹل سرویسیس ہیڈ کوارٹر، جی ایس مرلیدھر ڈپٹی کمشنر کسٹمس حیدرآباد، ڈی رمیش اسسٹنٹ ڈائرکٹر ڈی جی ایف ٹی، شریمتی این سومتی اسسٹنٹ ڈائرکٹر ایم ایس ایم ای، آر کلکرنی ہیڈ تلنگانہ چیاپٹر، شریمتی کویتا راجیش، ٹی اے وی شرما، ایچ شرت کمار اور آر ست نارائنا اسسٹنٹ ڈائرکٹر پی ایم جی نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں ڈاک گھر نریات کیندر کے ذریعہ شہری اور دیہی علاقوں میں فراہم کی جانے والی برآمداتی خدمات کا جائزہ لیا گیا۔ اسکیم کا مقصد پوسٹل چینل کے ذریعہ مقامی دستکاروں، کرافٹسمین اور ایکسپورٹرس کو اپنی اشیاء کی برآمدات میں مدد کرنا ہے۔ اسکیم سے چھوٹے اور متوسط تاجرین کو فائدہ ہوگا۔ کسٹمس حکام کی جانب سے بکنگ اور پروسیسنگ کیلئے علحدہ پورٹل قائم کیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں 33 ڈاک گھر نریات کیندر موجود ہیں جو 33 اضلاع کے عوام کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر پی ودیا ساگر ریڈی چیف پوسٹ ماسٹر جنرل نے کہا کہ 160 برسوں سے محکمہ ڈاک عوام کی خدمت کررہا ہے اور اہم مواصلاتی نظام کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتا ہے۔ اجلاس میں مختلف تجاویز پیش کی گئیں تاکہ انٹرنیشنل میل کسٹمرس کو بہتر خدمات فراہم کی جائیں۔1