حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر محمد سلیم نے آج روزنامہ سیاست پہونچکر ایم ایل سی منتخب ہونے پر جناب عامر علی خاں کو تہنیت پیش کی اور ریاست کے تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ قوم و ملت کا درد رکھنے والی شخصیت کو کانگریس پارٹی نے گورنر کے کوٹہ میں کونسل کی نمائندگی کے لیے منتخب کیا ہے جس سے ریاست کے سارے مسلمانوں اور بالخصوص کانگریس کے اقلیتی قائدین میں خوشی کی لہر پائی جاتی ہے ۔ لمبے عرصے کے بعد کانگریس پارٹی سے تلنگانہ قانون ساز کونسل میں مسلم نمائندگی ملی ہے ۔ ڈاکٹر محمد سلیم نے کہا کہ جناب عامر علی خاں ایم ایل سی بنتے ہی شہر حیدرآباد کے پولیس اسٹیشنس میں مسلم ایس ایچ او اور اردو میڈیم جائیدادوں کو جو پسماندہ طبقات کے لیے مختص ہیں انہیں ڈی ریزور کرنے کی کامیاب نمائندگی کرتے ہوئے بہتر پیغام پہونچایا ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے بی سی کمیشن اور ریاستی انسانی حقوق کمیشن میں بھی مسلم نمائندگی کے لیے حکومت سے سفارش کرنے کی جناب عامر علی خاں سے اپیل کی ہے ۔۔ 2