ڈاکٹر منموہن سنگھ کا سوگ، گورنر جشنو دیو ورما اورچیف منسٹر ریونت ریڈی کی سال نو تقاریب سے دوری

   

حیدرآباد۔یکم؍ جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست کے عوام کو سال نو کی مبارکباد پیش کی ہے۔ ایکس پر اپنے پیام میں چیف منسٹر نے کہا کہ نئے سال میں عالمی سطح پر تلنگانہ کامیابیوں کا ریکارڈ قائم کریگا اور ترقی کی رفتار اور پیشرفت جاری رہے گی۔ چیف منسٹر نے نئے سال میں تمام کیلئے خوشحالی اور ترقی کیلئے نیک تمناؤں کا ا ظہار کیا۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دیہانت پر تلنگانہ میں 7 روزہ سوگ جاری ہے جو 2 جنوری کو ختم ہوگا۔ جس کے سبب گورنر جشنو دیو ورما اور چیف منسٹر نے سال نو کے موقع پر مبارکبادی کا پیام جاری نہیں کیا۔ چیف منسٹر نے آج رسمی طور پر سوشیل میڈیا پر عوام کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی۔ بعض قائدین نے چیف منسٹر سے ملاقات کی لیکن انہوں نے کوئی گلدستہ پیش نہیں کیا۔ چیف منسٹر سے قیامگاہ پر ملاقات کرنے والوں میں وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملوروی، پردیش کانگریس کمیٹی لیگل سل کے صدرنشین پونم اشوک گوڑ، رکن کانگریس ورکنگ کمیٹی ومشی چند ریڈی، رکن اسمبلی ناگرکرنول ڈاکٹر راجیش ریڈی، رکن کونسل دامودر ریڈی، رکن اسمبلی مدھو سدن ریڈی، پرنیکا ریڈی، وی سرینواس، بالو نائیک، مکھن سنگھ ٹھاکر اور دوسرے شامل ہیں۔ سال نو کے موقع پر راج بھون میں عوام اور اہم شخصیتوں سے مبارکباد قبول کرنے کی روایت ہے لیکن ایام سوگ کے سبب گورنر نے یکم جنوری کو یہ پروگرام نہیں رکھا۔1