ملزم کی خودکشی کی کوشش،ہاسپٹل میں زیرعلاج ، خطرہ سے باہر ،پولیس کو ڈسچارج کا انتظار
جموں : جموں میں قتل کا ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون، جو پیشہ سے ڈاکٹر ہے، کو اس کے بوائے فرینڈ نے مبینہ طور پر قتل کر دیا۔جوڑے میں مبینہ طور پر کسی مسئلے پر لڑائی ہوئی اور اس شخص نے غصے میں آکر اپنی گرل فرینڈ پر کچن کے چاقو سے وار کیا۔ اس نے اسی چاقو سے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش بھی کی اور اب جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں زیر علاج ہے۔ڈاکٹر کی شناخت جموں کے تلاب تلو کی رہنے والی سومیدھا شرما کے طور پر کی گئی ہے اور ملزم کی شناخت جوہر گنائی محمود گنائی ولد ساکن بھدرواہ ضلع ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے۔ ملزم کا خاندان اس وقت پامپوش کالونی میں مقیم ہے۔جموں میں رہنے والی سومیدھا شرما ، جو کمل کشور شرما کی بیٹی ہے نے یہاں کے ڈینٹل کالج سے بی ڈی ایس کیا۔ وہاں اسے جوہر گنائی سے پیار ہو گیا جو اس کے ساتھ پڑھتا تھا۔ بی ڈی ایس کرنے کے بعد سومیدھا مزید پڑھائی کے لیے دہلی چلی گئی۔وہ ہولی کی چھٹیوں میں جموں آئی تھی۔ وہ جوہر سے ملنے اس کے گھر گئی تھی۔ دونوں میں لڑائی ہوگئی۔ جوہر نے سومیدھا کے پیٹ میں چاقو سے کئی وار کئے۔ سمیدھا کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔جوہر نے گھبرا کر اسی چاقو سے خود کو زخمی کر دیا۔ رشتے دار کی اطلاع پر پولیس جوہر کے گھر پہنچی تو پورا فرش خون سے سرخ تھا۔ سمیدھا کی سانسیں رک چکی تھیں جبکہ جوہر کے دل کی دھڑکنیں جاری تھیں۔جوہر کو ہاسپٹل سے فارغ ہوتے ہی گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی جائے گی۔