ڈبل انجن حکومت نے اتراکھنڈ کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا : کھرگے

   

نئی دہلی۔ 2 نومبر (یواین آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ اتراکھنڈ میں بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت نے ریاست کے عوام کی امیدوں اور امنگوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ، اسی لیے اب ریاست کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ کھرگے نے اتراکھنڈ کانگریس کے رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کے بعد پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ اتراکھنڈ میں بدحال قانون و انتظام، خواتین کی سلامتی کی سنگین صورت حال، اقتدار کا غرور اور جواب دہی سے مسلسل بچنے کی روش نے ریاست کے عوام کو مایوس کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ کے عوام اب حساب مانگ رہے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں۔ کانگریس عوام کے حقوق کی لڑائی سڑک سے لے کر ایوان تک پوری مضبوطی کے ساتھ لڑ رہی ہے ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ کانگریس کا عزم عوام کا اعتماد جیت کر دیو بھومی اتراکھنڈ کو ایک محفوظ، حساس اور جواب دہ حکومت فراہم کرنا ہے ، جو عوامی مفاد کو سب سے زیادہ ترجیح دے ۔ اتراکھنڈ کے رہنماؤں کے ساتھ مسٹر کھرگے کی 10 راجہ جی مارگ واقع رہائش گاہ پر ہونے والی میٹنگ میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، کانگریس کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال، اتراکھنڈ کانگریس کی انچارج کماری شیلجا، ریاستی صدر گنیش گودیال، اسمبلی میں قائد حزب اختلاف یشپال آریہ، سابق وزیر ہرک سنگھ راوت، پریتم سنگھ سمیت ریاست کے دیگر سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔ میٹنگ میں سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت شریک نہیں ہوئے ۔ اس دوران ریاست کی سیاسی صورت حال اور 2027 کے اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وینوگوپال نے بی جے پی پر نفرت، لوٹ مار، زمینوں پر قبضے اور بدانتظامی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اتراکھنڈ میں مندروں کو بھی چندے کی چوری سے نہیں بخشا گیا ہے اور بڑے پیمانے پر پہاڑوں کو کارپوریٹ کمپنیوں کے حوالے کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں اور خواتین کو پرچہ لیک ہونے کے واقعات اور انکیتا بھنڈاری معاملے میں انصاف کے حوالے سے شدید ناانصافی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے دعویٰ کیا کہ 2027 میں عوام بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرکے کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے اور عوامی مفاد کی حکومت قائم کریں گے ۔