ڈبل بیڈ روم مکانات کی ناقص تعمیرات

   

کانگریس قائدین کا دورہ، ضرورت مند خاندانوں کو ناکافی
حیدرآباد۔ حلقہ اسمبلی حسن آباد کے مختلف مواضعات میں ریاستی حکومت کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے ڈبل بیڈ روم مکانات کا آج کانگریس پارٹی انچارج برائے حلقہ حسن آباد مسٹر بما سری رام چکرورتی نے پارٹی کے دیگر قائدین و کارکنوں کے ہمراہ دورہ کرتے ہوئے زیر تعمیر مکانات اور تعمیرات کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔ موضع مرزا پور منڈل حسن آباد میں تعمیر ہونے والے 56 مکانات کا جائزہ لے کر انہیں ناقص تعمیرات و خستہ حال قرار دے کر متعلقہ کنٹراکٹر کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور سرکاری رقومات کو فوری بازیاب کرنے کا مطالبہ کیا۔ موضع محمد پور میں تعمیر ہونے والے 142 ڈبل بیڈ روم مکانات کی ادھوری تعمیر پر کانگریس قائدین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے فی الفور تعمیرات کو مکمل کرلینے کی مانگ کی۔ موضع آرے پلی میں تعمیر ہونے والے36 مکانات کی ناقص تعمیرات کو محسوس کرتے ہوئے کانگریس قائدین بما سری رام چکرورتی ڈاکٹر اکو سرینواس کے لنگم مورتی، بی شیوایا و دیگر نے حلقہ حسن آباد میں تعمیر ہونے والے ڈبل بیڈ روم مکانات کو حقیقی مستحق خاندانوں کے لئے ناکافی قرار دے کر آبادی کی اساس پر شعبہ واری مستحق خاندانوں کی نشاندہی کرنے اور درکار مکانات تعمیر کرنے کا ریاستی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا۔