ڈرنا چھوڑیں اور بھارت کو اکھنڈ بنائیں یوم آزادی سے قبل موہن بھاگوت کا پیغام

   

ناگپور : آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ ہم ہندوستان کو تبھی اکھنڈ بنا سکتے ہیں کہ ہم ڈرنا چھوڑ دیں گے۔ موہن بھاگوت مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو عظیم بنانا ہے تو ڈرنا چھوڑنا ہوگا۔ نیز ہم اہنسا (عدم تشدد) کے پجاری ہیں دربلتا (کمزوری) کے نہیں۔موہن بھاگوت نے کہا کہ تنوع کو سنبھالنے کے سلسلے میں پوری دنیا ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔جب بات تنوع کو موثر طریقے سے سنبھالنے کی ہوتی ہے تو پوری دنیا ہندوستان کی جانب اشارہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دنیا تضادات سے بھری پڑی ہے لیکن اسے صرف بھارت ہی سنبھال سکتا ہے۔موہن بھاگوت نے مزید کہا کہ اگر ہندوستان کو عظیم بنانا ہے تو ہمیں ڈرنا چھوڑنا ہوگا۔جب ہم ڈرنا چھوڑ دیں گے تو ہندوستان متحد ہو جائے گا۔ ہم عدم تشدد کے پجاری ضرور ہیں لیکن کمزوری کے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان زبان، لباس اور ثقافت کے چھوٹے چھوٹے اختلافات ہیں اور ہمیں ان چیزوں میں نہیں پھنسنا چاہیے۔ ملک کی تمام زبانیں قومی زبانیں ہیں اور تمام ذاتوں کے لوگ میرے اپنے ہیں، ہمیں ایسی محبت برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔