ڈورنکل اسمبلی حلقہ سے پہلی مرتبہ منتخب رامچندر نائک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ہوں گے

   

ایس ٹی میں لمباڑہ کمیونٹی کو نمائندگی، چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات، آئندہ اسمبلی اجلاس میں انتخاب
حیدرآباد 9 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سماجی انصاف کے تحت کمزور طبقات کو اہم عہدوں پر فائز کرنے کے تسلسل کے تحت محبوب آباد ضلع کے ڈورنکل اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے ڈاکٹر جے رامچندر نائک کو تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے طور پر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہائی کمان کی منظوری کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 3 نئے وزراء اور ڈپٹی اسپیکر کے نام کا اعلان کیا۔ رامچندر نائک درج فہرست قبائل سے تعلق رکھتے ہیں۔ تلنگانہ کابینہ میں ایس ٹی طبقہ کی نمائندگی ڈی انوسویا سیتکا کرتی ہیں جن کا تعلق قبائل سے ہے۔ ایس ٹی زمرہ میں لمباڑہ کمیونٹی کی قابل لحاظ آبادی ہے جنھیں کابینہ میں نمائندگی حاصل نہیں تھی۔ لمباڑہ کمیونٹی کی جانب سے اہم عہدے کی مانگ کی جارہی تھی، ایسے میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنے بااعتماد رکن اسمبلی رامچندر نائک کو ڈپٹی اسپیکر کے عہدہ پر فائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رامچندر نائک کی تقرری سے اُمید کی جارہی ہے کہ مجالس مقامی انتخابات میں کانگریس کو لمباڑہ کمیونٹی کی تائید حاصل ہوگی۔ 2023ء اسمبلی انتخابات میں رامچندر نائک نے سابق وزیر اور بی آر ایس کے ڈی ایس ریڈیا نائک کو شکست دی تھی۔ اُنھیں اسمبلی میں گورنمنٹ وہپ مقرر کیا گیا تھا لیکن وہ اب ڈپٹی اسپیکر کے عہدہ پر فائز ہوں گے۔ آئندہ اسمبلی اجلاس میں اُن کے انتخاب کا عمل مکمل کیا جائے گا اور وہ اپنی نئی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ محبوب آباد ضلع میں قبائل کی آبادی قابل لحاظ ہے جبکہ ڈورنکل اسمبلی حلقہ میں لمباڑہ کمیونٹی فیصلہ کن موقف میں ہے۔ رامچندر نائک نے سرپنچ کے طور پر اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ اُنھوں نے عثمانیہ سے ایم بی بی ایس اور ایم ایس سرجن کی تکمیل کی۔ اُنھوں نے سوریہ پیٹ میں اپنا ہاسپٹل قائم کرتے ہوئے طبی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ رامچندر نائک کی اہلیہ پرمیلا بھی پروفیشن سے ڈاکٹر ہیں اور وہ گائیناکالوجسٹ کی حیثیت سے شہرت رکھتی ہیں۔ 2006ء میں رامچندر نائک نے عملی سیاست میں قدم رکھا۔ 2014ء میں تلگودیشم کے ٹکٹ پر ڈورنکل اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کیا لیکن ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ 2018ء میں کانگریس نے ٹکٹ دیا لیکن وہ ریڈیا نائک کے مقابلہ ہار گئے۔ تیسری مرتبہ 2023ء میں کانگریس کے ٹکٹ پر اُنھیں کامیابی ملی۔ اِسی دوران رامچندر نائک اور اُن کی شریک حیات ڈاکٹر پرمیلا نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اُن کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدہ کے لئے انتخاب پر اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے رامچندر نائک کو تہنیت پیش کی۔1