نئی دہلی 18 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) 24 فبروری کو صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے دورہ کے موقع پر ائرپورٹ کے آس پاس کی دیواروں اور سڑکوں کو بے داغ رکھنے کیلئے احمد آباد میونسپل کارپوریشن کے محکمہ صحت نے تین پان شاپس کو مقفل کردیا ہے ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہم نے پان شاپس کو آئندہ احکام تک مہربند کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ٹرمپ کے دورہ کے پیش نظر جس راستے سے وہ گذریں گے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں اور یہاں تک کہ آوارہ کتوں کو بھی پکڑا جا رہا ہے ۔ شیوسینا کے ترجمان اخبار سامنا کے بموجب گجرات کے حکام ٹرمپ کا خیر مقدم کرنے شہر کی سجاوٹ پر 100 کروڑ روپئے خرچ کر رہے ہیں۔ موتیرا اسٹیڈیم احمد آباد کا ٹرمپ افتتاح کرینگے اور یہاں 3000 کاروں اور 10 ہزار ٹو وہیلرس کی پارکنگ کا نظم ہے ۔ ٹرمپ احمد آباد کے سابرمتی آشرم کا دورہ کرینگے اور روڈ شو میں حصہ لیں گے ۔