119 اسمبلی حلقوں کے عہدیداروں کیلئے 2 روزہ ٹریننگ پروگرام، انتخابی طریقہ کار سے واقفیت
حیدرآباد 3 فروری (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے اسمبلی کے 119 حلقہ جات سے متعلق ڈپٹی تحصیلداروں کو مشورہ دیا کہ وہ مجوزہ اسمبلی انتخابات کے لئے تیار رہیں اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کے قواعد کے مطابق تمام ضروری اُمور کی تکمیل کریں۔ وکاس راج نے الیکشن کے انچارج ڈپٹی تحصیلداروں کے ریاستی سطح کے 2 روزہ ٹریننگ پروگرام سے خطاب کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ڈپٹی تحصیلداروں کو انتخابی ڈیوٹی بخوبی انجام دینے کیلئے بہتر ٹریننگ حاصل کرنی چاہئے تاکہ اپنی ذمہ داریوں سے واقف ہوں۔ اُنھوں نے کہاکہ عہدیداروں کو فہرست رائے دہندگان، الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور الیکشن کے انعقاد کے طریقہ کار پر مکمل عبور حاصل کرنا چاہئے۔ وکاس راج نے بتایا کہ فارم 6A میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور اوورسیز رائے دہندوں کیلئے ناموں کی شمولیت کی گنجائش موجود ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ فہرست رائے دہندگان میں ایک سے زائد مقام پر ناموں کی نشاندہی کی جائے۔ اس کے علاوہ رہائش کی تبدیلی، فہرست رائے دہندگان میں ضروری ترمیمات جیسے اُمور پر توجہ دی جائے۔ ٹریننگ ورکشاپ میں ڈپٹی چیف الیکٹورل آفیسر مس ستیا وانی اور ڈپٹی کمشنر جی ایچ ایم سی مس پنکجا نے تعاون کیا۔ ر