بنگلورو: کرناٹک کانگریس کے سینئر لیڈر جی۔ پرمیشور سمیت چار ایم ایل اے نے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار کے ساتھ نائب وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش ظاہر کی ہے جس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کے انتخاب کو لے کر تعطل دور کرنے کے بعد اب کانگریس کے سامنے نائب وزیراعلیٰ کے عہدے کے لئے گھمسان کو ختم کرنے کا چیلنج آگیا ہے ۔پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جمعرات کو وزیر اعلی کے طور پر سدارامیا اور نائب وزیر اعلی کے طور پر شیوکمار کے ناموں کا اعلان کیا، جس کے بعد پرمیشور سمیت پارٹی کے تین ارکان اسمبلی کے مطالبات سامنے آئے ۔ پرمیشور نے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کے ناموں کا باضابطہ اعلان کرنے سے پہلے یہاں میڈیا سے کہا کہ پارٹی کو ان کے مطالبہ پر غور کرنا چاہئے۔