ڈھائی لاکھ زائرین کو عمرہ ادائیگی کی اجازت

,

   

مکہ مکرمہ ۔ سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ دوسرے مرحلے میں ڈھائی لاکھ مقامی زائرین کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔ سعودی عرب نے عمرے پر عائد پابندی اٹھانے کے بعد مرحلہ وار عمرہ ادائیگی کی اجازت دی ہے جس کا آغاز 4 اکتوبر سے کیا گیا تھا۔سعودی گزٹ کے مطابق عمرہ کی مرحلہ وار ادائیگی کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے 18 اکتوبر سے 2 لاکھ 2 ہزار مقامی زائرین کو عمرے کی اجازت دی جائے گی۔ زائرین کو مسجد نبوی اور مسجدالحرام میں بھی عبادت کی اجازت ہوگی۔سعودی حکومت نے 18 اکتوبر سے زائرین کے لیے روضہ شریف کے علاوہ مدینہ میں واقع مسجد نبوی کا پرانا حصہ بھی کھول دیا ہے۔31 مئی سے مسجد نبوی کے صحن نماز کی ادائیگی کے لیے کھول دیے گئے تھے جہاں محدود تعداد میں عبادت گزاروں کو احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے نماز ادا کرنے کی اجازت تھی۔ سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے حج و عمرہ کے رکن حانی العمیری نے میڈیا سے کہا کہ دوسرے مرحلے میں ڈھائی لاکھ عمرہ زائرین کے علاوہ 6 لاکھ سے زائد عبادت گزاروں کو مسجد الحرام میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہو گی۔ حانی العمیری کے مطابق زائرین کو عمرہ ادائیگی اور مسجدالحرام اور روضہ شریف پر حاضری کے لیے پرمٹ کی ضرورت ہوگی جو عتمرنا ایپ کے ذریعے رجسٹرکرکے حاصل کیا جا سکتا ہے۔جبکہ تیسرے مرحلے میں بیرونی ممالک زائرین کو عمرہ ادائیگی اور روضہ شریف پر حاضری کی اجازت ہوگی جس کا آغاز یکم نومبر سے ہوگا۔