پُرہجوم صدیق بازار میں عمارت متاثر،زائد از 100 زخمی
ڈھاکہ : قدیم ڈھاکہ کے پرہجوم صدیق بازار میں ایک عمارت آج شدید نوعیت کے دھماکہ سے دہل گئی جس کے نتیجہ میں کم از کم 17 افراد ہلاک اور زائد از 100 دیر زخمی ہوگئے۔ منگل کو یہ واقعہ مقامی وقت شام تقریباً 5 بجے پیش آیا ۔ فائر سرویس کنٹرول روم نے نیوز ایجنسی آئی اے این ایس کو یہ بات بتائی ۔ ڈھاکہ میڈیکل کالج ہاسپٹل کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ زخمی افراد کی تعداد زیادہ ہے جن کیلئے دواخانہ میں مزید خون کی ضرورت ہے۔ متاثرہ عمارت 7 منزلہ ہے اور اس سے متصل 5 منزلہ اپارٹمنٹ ہے جہاں بی آر اے سی بینک کی برانچ قائم ہے۔ بینک کے ترجمان عبدالرحیم نے کہا کہ دھماکہ کی شدت سے شیشے کے ٹکڑے فضاء میں پھیل گئے اور ان کی برانچ کے کئی عہدیدار ان کی زد میں آئے۔ دھماکہ کا اثر اتنا شدید ہوا کہ 7 منزلہ عمارت کے ابتدائی 2 فلور تباہ ہوگئے۔عمارت سے متصل سڑک کی دوسری جانب ایک مسافر بس بھی دھماکہ سے محفوظ نہ رہ سکی۔