حیدرآباد ۔23۔ اگست (سیاست نیوز) برلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ سائنس (BITS) پلانی کو اس بات کا اعزاز حاصل ہوا ہے کہ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن ( ڈی آر ڈی او ) کے سابق صدرنشین ڈاکٹر جی ستیش ریڈی اس ادارہ سے وابستہ ہوگئے ۔ بٹس پلانی میں ڈاکٹر جی ستیش ریڈی کو قومی سلامتی اور ریسرچ کے شعبہ جات میں سینئر فیکلٹی کے عہدہ پر فائز کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ستیش ریڈی نے اپنے کیریئر میں ہندوستانی دفاعی نظام کی صلاحیتوں میں اضافہ میں اہم رول ادا کیا ۔ انہوں نے ڈی آر ڈی او سربراہ کے طور پر نئے دفاعی پراجکٹس کا آغاز کیا تھا جس کے تحت ہندوستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا۔ بٹس پلانی سے وابستگی کے بعد ڈاکٹر ستیش ریڈی نے کہاکہ ڈی آر ڈی او میں تقریباً 39 برسوں تک ریسرچ اور دیگر شعبوں میں خدمات کے بعد بٹس پلانی ادارہ سے وابستگی پر انہیں خوشی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ بٹس پلانی کی ریسرچ سرگرمیوں میں اضافہ کیلئے اپنی خدمات پیش کریں گے۔ بٹس پلانی میں سنٹر فار ریسرچ ایکسلینس ان نیشنل سیکوریٹی قائم کیا گیا ہے جس میں ڈاکٹر ستیش ریڈی کے علاوہ کئی ماہرین وابستہ ہیں۔ یہ ادارہ ڈی آر ڈی او ، اسرو ، نیم فوجی دستوں ، پولیس ڈیفنس اداروں کے اشتراک سے کام کر رہا ہے۔ 1