ڈی ایم کے اپوزیشن کا رول ادا کریگی، حکومت کی تشکیل میں رکاوٹ نہیں :اسٹالن

   

معلق اسمبلی کی صورت میں حلیف جماعتوں کے فیصلے کا احترام ۔ کانگریس پر بالواسطہ تنقید
چینائی 9 مئی (یو این آئی) ڈی ایم کے کے صدر ایم کے اسٹالن نے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا اور کہا کہ کہ ان کی پارٹی تعمیری اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اور ریاست میں مستحکم حکومت کی تشکیل میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔ر اسٹالن نے ایک جذباتی پیغام میں اپنے والد ایم کروناندھی کو یاد کرتے ہوئے ٹامل عوام اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج ایسے رہے ہیں جن میں کسی بھی جماعت کو حکومت بنانے اکثریت حاصل نہیں ہوئی، لیکن ڈی ایم کے کی قیادت والے سیکولر پروگریسو اتحاد کو نمایاں عوامی حمایت حاصل ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی میڈیا سے واضح کر چکے تھے کہ ڈی ایم کے نئی حکومت کی تشکیل میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی اور ایک تعمیری اپوزیشن کے طور پر کام کرے گی۔مسٹر اسٹالن نے کہا کہ پارٹی اراکینِ اسمبلی کی میٹنگ میں انہیں فیصلہ لینے کا اختیار دیا گیا تھا اور انہوں نے پارٹی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے سینئر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کی بات کہی تھی۔انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں جب کسی بھی جماعت کو اکثریت حاصل نہ ہو کئی متبادل تجاویز سامنے آتی ہیں۔ ان کے مطابق، اتحادی جماعتیں جو بھی فیصلہ کریں، اس کا احترام کیا جانا چاہیے تاکہ ریاست میں ایک مستحکم حکومت قائم ہو اور دوبارہ انتخابات کی نوبت نہ آئے ۔ اسٹالن نے اتحادی جماعتوں کے فیصلے کا خیر مقدم کیا جس میں انہوں نے ٹی وی کے کو حکومت سازی کیلئے حمایت کی بات کہی جبکہ نظریاتی بنیاد پر ڈی ایم کے کی قیادت والے سیکولر پروگریسو اتحاد میں برقرار رہنے کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے کانگریس پر بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد کے ٹکٹ پر کامیاب کانگریس ارکان اسمبلی شکریہ ادا کرنے انا اریوالیم نہیں آئے اور اسی دن کانگریس نے ڈی ایم کے سے دوری اختیار کر لی۔اس کے برعکس، انہوں نے سی پی آئی ، وی سی کے اور دیگر جماعتوں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ڈی ایم کے کے ساتھ ٹاملناڈو کے حقوق اور عوامی مفادات کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کی بات کہی۔