ڈی ناگیندر کی حیڈرا کے عہدیداروں پر برہمی

   

مقدمہ سے خوفزدہ نہیں ہوں، چیف منسٹر سے نمائندگی کا فیصلہ
حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) رکن اسمبلی خیریت آباد ڈی ناگیندر نے حیڈرا کے کمشنر اے وی رنگناتھ پر برہمی کا اظہار کیا۔ جوبلی ہلز روڈ نمبر 69 میں واقع ننداگیری ہلز میں جی ایچ ایم سی کی اراضی کے اطراف موجود باؤنڈری وال کو منہدم کرنے کے معاملہ میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں ڈی ناگیندر کو A3 کے طور پر شامل کیا گیا۔ حمایت نگر میں مختلف ترقیاتی کاموں میں شرکت کے بعد ناگیندر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عہدیدار آتے اور جاتے ہیں لیکن میں مقامی ہوں۔ حیڈرا کمشنر اے وی رنگناتھ کو شاید ان کا نیا عہدہ پسند نہیں ہے اسی لئے مجھ پر مقدمہ درج کیا گیا۔ ننداگیری ہلز حڈا لے آؤٹ میں عوام کو دشواریوں سے بچانے کے مقصد سے میں نے دورہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دورہ کی تفصیلات سے کمشنر حیڈرا رنگناتھ کو واقف کراچکے ہیں۔ حیدرآباد ایک کاسموپولیٹن شہر ہے جہاں ہر طبقہ کے عوام کیلئے سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اور عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے۔ میں نے رکن اسمبلی کے طور پر اپنی ذمہ داری کو نبھایا ہے۔ ننداگیری ہلز واقعہ کے بارے میں عہدیداروں کو مراعات کی نوٹس روانہ کروں گا۔ ناگیندر نے بتایا کہ وہ اس واقعہ سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو واقف کرائیں گے اور عہدیداروں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیڈرا کے عہدیداروں نے غیر ضروری طور پر ان کا نام ایف آئی آر میں شامل کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیڈرا کے عہدیدار اپنی مرضی کے مطابق کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے لے آؤٹ کے نتیجہ میں مقامی افراد کو گذرنے کیلئے راستہ نہیں ہے لہذا انہوں نے دورہ کرتے ہوئے راستہ بنانے کی کوشش کی۔ ناگیندر نے کہا کہ وہ مقدمات سے خوفزدہ نہیں ہیں کیونکہ ان کیلئے مقدمات نئے نہیں ہیں ان کے خلاف 190 مقدمات موجود ہیں۔1