ڈی کے شیوکمار کا مستعفی ارکان اسمبلی سے رابطہ ؟

   

نئی دہلی 10 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس ذرائع کا ادعا ہے کہ کرناٹک میں مرد بحران سمجھے جانے والے سابق ریاستی وزیر ڈی کے شیوکمار بنگلورو میں مقیم مدھیہ پردیش کے مستعفی کانگریس ارکان اسمبلی سے رابطے میں ہیں۔ کانگریس ذرائع نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ مدھیہ پردیش میں کمل ناتھ کی زیر قیادت حکومت کو کوئی خطرہ درپیش نہیں ہوگا اور بحران کا کوئی حل نکل آئے گا ۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ مستعفی ارکان اسمبلی بنگلورو کی ایک ہوٹل میں رکھے گئے ہیں اور کرناٹک کے سابق وزیر و سینئر لیڈر ڈی کے شیوکمار نے ان ارکان اسمبلی سے رابطہ بنالیا ہے اور وہ انہیں راغب کرنے کیلئے بات چیت میں مصروف ہیں۔ پارٹی کو امید ہے کہ مسٹر شیوکمار ان ارکان اسمبلی کو سمجھانے اور منانے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔ واضح رہے کہ کانگریس کے 22 ارکان اسمبلی نے آج استعفی پیش کردیا ہے جن میں 19 ارکان اسمبلی بنگلورو کی ایک ہوٹل میں مقیم ہیں جبکہ تین ارکان اسمبلی بھوپال ہی میں ہیں۔ کانگریس ان کو واپس لانے کوشش کر رہی ہے ۔