آندھراپردیش دوسرے نمبر پر ، ڈیجیٹل ادائیگی عوام اور تاجرین دونوں کیلئے سہولت بخش
حیدرآباد۔9۔ستمبر (سیاست نیوز) یو پی آئی اور دیگر سسٹم سے ملک میں ڈیجیٹل ادائیگی کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ بینک اکاؤنٹ کے ذریعہ بآسانی ڈیجیٹل پیمنٹ کے تحت چھوٹے کاروبار میں ادائیگی کے سبب نہ صرف عوام بلکہ تاجرین کو سہولت ہوئی ہے۔ ڈیجیٹل پیمنٹ معاملہ میں چندی گڑھ ملک میں سرفہرست ہے، جہاں ہر فرد کی جانب سے ایک ماہ میں 38.5 ڈیجیٹل ادائیگیوں کو ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آندھراپردیش 17.7 ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ذریعہ ملک میں دوسرے نمبر پر ہے۔ مہاراشٹرا ، کرناٹک اور دہلی جیسی ریاستوں کے مقابلہ ڈیجیٹل ادائیگی میں آندھراپردیش کو سبقت حاصل ہے۔ مہاراشٹرا اور کرناٹک میں ڈیجیٹل ادائیگی ہر فرد کی جانب سے علی الترتیب 6.9 اور 6.5 درج کی گئی ہے۔ ریاستوں کے اعتبار سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کا رجحان مختلف ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں ڈیجیٹل ادائیگی کے معاملہ میں جو اعداد و شمار منظر عام پر آئے ہیں ، اس سے ملک میں بڑھتے ہوئے رجحان کا اندازہ ہوتا ہے ۔ کاروباری سطح پر ڈیجیٹل ادائیگی کے رجحان میں روز افزوں اضافہ ہوا ہے اور ہوٹلوں ، دکانات اور دیگر تجارتی اداروں میں کیاش پیمنٹ پر ڈیجیٹل ادائیگی کو ترجیح دی جارہی ہے۔ ڈیجیٹل ادائیگی میں بسا اوقات دھوکہ دہی کے واقعات بھی منظر عام پر آئے ہیں لیکن عوام اور تاجرین کیلئے ڈیجیٹل ادائیگی محفوظ تصور کی جارہی ہے۔1/k/m/b