کابل: کابل ائیرپورٹ پر جمعرات کو پیش آئے یکے بعد دیگر دو دھماکوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 170 تک پہنچ گئی ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکوں میں 200سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جب کہ ہلاک ہونے والوں میں 13امریکی فوجی بھی شامل ہیں۔افغان حکام نے کہا ہے کہ دھماکوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔برطانوی میڈیا کے مطابق کابل ائیر پورٹ دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش خراسان نے قبول کرلی ہے ۔طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔امریکی صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ داعش سے کابل حملے کا بدلہ لیں گے ، داعش اور طالبان کے درمیان گٹھ جوڑ کے شواہد نہیں ملے ۔
کابل سے شہری انخلا کا برطانوی آپریشن مکمل
کابل ۔ برطانوی فوج آج ہفتہ کے روز کابل سے شہری انخلا کا آپریشن مکمل کر رہی ہے۔ تاہم جنرل نک کارٹر کے مطابق اب بھی سینکڑوں ایسے افغان شہری جو برطانیہ میں سکونت کے اہل ہیں، افغانستان ہی میں رہ جائیں گے۔ جمعہ کے روز برطانوی وزیردفاع بین ویلیس نے کہا تھا کہ یہ ملکی فضائی آپریشن اپنے آخری مراحل میں ہے اور ایسے میں صرف ان افراد کو برطانیہ منتقل کیا جائے گا، جو کابل ایئرپورٹ کے اندر ہیں۔ برطانوی وزارت دفاع کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں میں ساڑھے چودہ ہزار برطانوی اور افغان شہریوں کو افغانستان سے نکالا گیا۔